موجودہ حکومت امریکہ کیساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہاں ہے،چوہدری نثار،پاکستان امریکہ کو افغانستان سے نیٹو و دیگر افواج کے انخلاء میں بھرپور تعاون فراہم کرے گا،وزیر داخلہ کی قائم مقام امریکی سفیر سے ملاقات، نئی داخلی سلامتی پالیسی کے نفاذ سے پاکستان کو دہشتگرد پر قابو پانے میں مدد ملے گی، تھامس ویلیم

منگل 18 مارچ 2014 06:55

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18مارچ۔2014ء)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت امریکہ کیساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہاں ہے،پاکستان امریکہ کو افغانستان سے نیٹو و دیگر افواج کے انخلاء میں بھرپور تعاون فراہم کرے گا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہا پاکستان میں امریکہ کے قائم مقام سفیر تھامس ویلیم کی ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے پیر کی شام یہاں اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی ہے۔

ملاقاتت میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی موجودہ سیکورٹی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات ہیں اور موجودہ حکومت امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہاں ہے تاہم اس کے لئے دونوں ممالکے اپنے تعلقات کی مد میں شفافیت کا مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ دونوں ممالک درمیان موجودہ تعلقات کو مستحکم بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں خطے کے لئے ایسی غیرجانبدارانہ پالیسی پر عمل پیرا ہے جو پورے خطے کی مفاد میں ہے۔ پاکستان امریکہ کو افغانستان سے نیٹو و دیگر افواج کے انخلاء میں بھرپور تعاون فراہم کرے گا۔اس موقع پر امریکی قائم مقام سفیر نے وفاقی وزرات داخلہ کی جانب داخلی سلامتی کی پالیسی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نئی داخلی سلامتی پالیسی کے نفاذ سے پاکستان کو دہشتگردی و انتہاء پسندی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔