عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کور کمیٹی کا اجلاس ‘حکومت طالبان مذاکرات کیلئے نئی مذاکراتی کمیٹی پر مشاورت ،صحت کا انصاف پروگرام بارے تفصیلی بریفنگ،پروگرام کیخلاف گردش کرنیوالی خبروں کی تردید ،اسلامی نظریاتی کونسل کی حالیہ سفارشات پر بھی غور کیا گیا

منگل 18 مارچ 2014 06:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18مارچ۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ (کور کمیٹی) کا اجلاس ‘ اجلاس میں تحریک انصاف کے صحت کا انصاف پروگرام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اور اس پروگرام کے خلاف گردش کرنے والی خبروں کی مکمل تردید کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اس پروگرام کی شفافیت اور دور رس نتائج کی عالمی سطح پر تحسین کی گئی ہے اور آگاہی مہم کے تمام تر اخراجات عالمی ادارہ برائے صحت اور یونیسیف برداشت کررہے ہیں جبکہ پراجیکٹ کا حجم 124 ملین روپے ہے۔

جس کا آڈٹ یونیسیف کی اپنی ذمہ داری ہے کمیٹی اجلاس میں اسلامی نظریاتی کونسل کی حالیہ سفارشات پر بھی غور کیا گیا اور موجودہ عائلی قوانین سے مکمل ہم آہنگی اور خواتین کے حقوق کا تحفظ کا محافظ قرار دیا گیا۔

(جاری ہے)

جبکہ زنا بالجبر کے کیسز میں ڈی این اے ٹیسٹ کو بطور شہادت قبول کرنے کی بھی تائید کی گئی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے موقع پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ممبران کمیٹی کو بتایا کہ وہ نواز شریف ان سے ان کی ذاتی خواہش پر ملنے کیلئے آئے تھے۔

جبکہ حکومت کی جانب سے طالبان سے مذاکرات کیلئے نئی مذاکراتی کمیٹی بنانے کے بارے میں بھی تحریک انصاف سے مشاورت کی گئی تھی۔ اجلاس کے دوران طالبان کے ساتھ مذاکرات کو کامیاب بنانے کے حوالے سے حکومت کو ہر طرح کا تعاون فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔