حالیہ گرفتاریوں سے انکشاف ہواہے کہ بعض گروہ بلوچستان سے آپریٹ ہورہے ہیں،ڈی آئی جی ویسٹ ،پولیس کی نفری میں کمی کے باعث لیاری کی صورتحال ابترہوئی،لیاری میں گینگ وارکے کئی اہم نام مارے گئے ہیں،جاوید عالم اوڈھو

منگل 18 مارچ 2014 06:58

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18مارچ۔2014ء)ڈی آئی جی ویسٹ جاوید عالم اوڈھونے کہاکہ حالیہ گرفتاریوں سے انکشاف ہواہے کہ بعض گروہ بلوچستان سے آپریٹ ہورہے ہیں،پولیس کی نفری میں کمی کے باعث لیاری کی صورتحال ابترہوئی،لیاری میں گینگ وارکے کئی اہم نام مارے گئے ہیں اوراب شہرکی صورتحال بہترہورہی ہے،مجرموں کوسزائیں دینے میں تیزی کارجحان کراچی آپریشن کوکامیابی سے ہمکنارکرنے کے لئے ایندھن کاکام دے گا۔

فیڈرل بی ایریاایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(فباٹی)کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگومیں ڈی آئی جی ویسٹ جاوید عالم اوڈھو نے کہاکہ نارتھ کراچی کے تاجر کے اغواء کے سلسلے میں پیش رفت ہوئی ہے اور اغواء کار بھی پکڑے ہیں،کل رات لیاری اور پاک کالونی کے کامران بلوچ کو بھی گرفتارکیاگیاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیو مہم قومی فریضہ ہے اوراس فریضہ کی ادائیگی میں پولیس اور رینجرز نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے ایف بی ایریا ایسو سی ایشن کے رہنماؤں سے خطاب میں کہا کہ کراچی آپریشن کی کامیابی کا دارومدار شہر کے ہر طبقے کے اجتماعی تعاون اور جذبے ہیں مضمر ہے۔اس موقع پرسچل رینجرز کے سیکشن کمانڈر بریگیڈیئرحامدعلی نے کہا کہ کراچی آپریشن کے دوران رینجرز پر کئی حملے ہوئے اور اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران رینجرز اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا اس کے باوجود افسران اور جوانوں کے حوصلے بلند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جرائم کے تدارک کے لئے رینجرز ہر ممکن اقدام کررہی ہے، دہشتگردی تمام ممالک کا مسئلہ ہے، ہم اپنے وسائل کے تحت اس سے نبرد آزما ہیں،غلطیاں ہر ایک سے ہوتی ہیں لیکن ہم اپنی غلطیوں سے سبق سیکھ کر کراچی کے امن کی بحالی کے لئے کوشاں ہیں۔ایف بی ایریا ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد تحسین نے کہا کہ کراچی آپریشن سے قبل کاروباری سرگرمیاں مفلوج ہوکر رہ گئی تھیں لیکن اب صورتحال قدرے بہتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ دو ہزار صنعتون پر مشتمل ایف بی ایریا کے علاقے میں کرائم مانیٹرنگ سیل کا قیام 1987 میں عمل میں لایا گیا،پولیس اور دیگر قانون نافظ کرنے والے اداروں کے تعاون سے ایف بی ایریا ایسو سی ایشن کے تحت اس زون کو کراچی کے دیگر صنعتی علاقوں کے لئے رول ماڈل بنائیں گے،ضرورت اس بات کی ہے کہ مصلحتوں سے مبرا ہوکر اجتماعی سوچ اپنانے کی ضرورت ہے،،،اس موقع پر سی پی ایل سی کے ڈپٹی چیف ادریس گیگی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

بعدازاں ڈی آئی جی ویسٹ جاوید عالم اوڈھو اوربرگیڈیئر حامد علی نے ایف بی ایریا ایسو سی ایشن کے کرائم مانیٹرنگ سیل کا دورہ کیا ایسو سی ایشن کی جانب سے پیٹرولنگ کے لئے رینجرز کے لئے دو ہیوی موٹر سائیکلیں دی گئیں۔تقریب میں کراچی چیمبر کی کرائم مانیٹرنگ کمیٹی کے چیئرمین حفیظ عزیز، ایس ایس پی مقدس حیدر، سی ای او فائیٹ ریحان ذیشان، چیرمین سائیٹ سپر ہائی وے ایسوسی ایشن جاوید غوری بھی موجود تھے

متعلقہ عنوان :