فلسطینی صدر امن کے لیے خطرات مول لیں، اسرائیل کے ساتھ تنازعے کے حل کے لیے سخت فیصلے کریں، باراک اوباما

منگل 18 مارچ 2014 06:49

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18مارچ۔2014ء) امریکی صدر باراک اوباما نے فلسطینی صدر محمود عباس پر زوردیا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ امن کے لیے سخت فیصلے کریں اور خطرات مول لیں۔وہ وائٹ ہاوٴس میں پیر کو فلسطینی صدر سے گفتگو کررہے تھے۔انھوں نے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ امریکا کی ثالثی میں اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان جاری مذاکرات میں آیندہ ہفتوں میں پیش رفت ہوگی۔

ملاقات میں محمود عباس نے اس بات پر زوردیا کہ امریکا مزید فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے لیے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو پر دباوٴ ڈالے۔بعد میں اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا:\'\'ہم اس امر کے بدستور قائل ہیں کہ موقع موجود ہے\'\'۔ان کا اشارہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان جاری مذاکرات میں ممکنہ پیش رفت کی جانب تھا۔

(جاری ہے)

صہیونی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے دو ہفتے قبل واشنگٹن میں صدر اوباما سے ملاقات کی تھی۔وہ دونوں فریقوں کے درمیان دیرینہ تنازعے کو طے کرنے کے لیے اختلافات کی خلیج کو پاٹنے اور انھیں ایک دوسرے کے قریب لانے کے لیے کوشاں ہیں۔اسرائیل اور فلسطینی اتھارٹی کے درمیان جولائی 2013ء میں امریکا کی ثالثی میں امن مذاکرات بحال ہوئے تھے لیکن ان کے درمیان متنازعہ امور کو طے کرنے کے لیے کوئی اتفاق رائے نہیں ہوسکا ہے۔اگر ان مذاکرات میں کوئی مثبت پیش رفت ہوتی ہے تو پھر امریکا کی جانب سے اس کی اپریل کی ڈیڈلائن میں توسیع کی جاسکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :