حکومت ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہے،صدر ممنون حسین،فاٹا میں تمام بچوں کو پولیو قطرے پلانے کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے جائیں،پولیو مہم میں شریک کارکنوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے،پولیو کے خاتمے سے متعلق بریفنگ کے دوران ہدایت،صدر سے گورنر خیبرپختونخوا کی بھی ملاقات ،خیبرپختونخوا بالخصوص فاٹا کی صورتحال پر تبادلہ خیال

منگل 18 مارچ 2014 06:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18مارچ۔2014ء)صدر مملکت ممنون حسین نے کہاہے کہ حکومت بچوں کو پولیو سے بچانے اور ملک کے تمام حصوں سے اس بیماری کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہے،پولیو مہم میں شریک کارکنوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔ اس امرکا اظہارانہوں نے پیر کو پولیو کے خاتمے کی مہم اور اس بیماری کے خاتمے کی کوششوں کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال سے متعلق بریفنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر صدر مملکت نے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے انسداد پولیو کو ہیلتھ ایمرجنسی قرار دیا ہے، ملک کے کونے کونے سے پولیو کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے ہر سطح پر تمام تر اقدام اٹھائے جائیں گے۔ صدر ممنون حسین نے پولیو کے خاتمے سے متعلق بریفنگ کے دوران ہدایت کی کہ فاٹا میں تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لئے ان تک مسلسل رسائی کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے جائیں،پولیو مہم میں شریک کارکنوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے،انسداد پولیو مہم میں کسی قسم کی غفلت، غیر مستعدی اور ناقص کارکردگی کو برداشت نہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء صدر ممنون حسین سے گورنر خیبرپختونخوا انجینئر شوکت اللہ نے ملاقات کی جس میں خیبرپختونخوا بالخصوص فاٹا کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔ پیر کو ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات کے دوران گورنر نے صدر کو قبائلی علاقوں میں امن و امان کی صورتحال اور ترقیاتی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ گورنر نے فاٹا ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کے سربراہ کی حیثیت سے صدر ممنون حسین کو فاٹا میں پولیو کی تازہ ترین صورتحال اور تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لئے ہر سطح پر اٹھائے جانے والے مختلف اقدامات اور جدت کی حامل حکمت ہائے عملی سے بھی آگاہ کیا ۔