اتحادی حکومت میں چھوٹے چھوٹے مسائل رہتے ہیں جنہیں مل بیٹھ کر حل کریں گے،عبدالمالک بلوچ ، اتحادیوں کے تحفظات کو دور کرلیاجائے گا تاحال ناراض بلوچوں سے کوئی رابطہ نہیں ہوا اتحادی جماعتیں مل کر سیاسی تناظر میں تمام مشکلات کو حل کرنے کی کوشش کررہی ہیں ، ثناء اللہ زہر سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت

منگل 18 مارچ 2014 06:46

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18مارچ۔2014ء)وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت میں چھوٹے چھوٹے مسائل رہتے ہیں جنہیں مل بیٹھ کر حل کریں گے اور اتحادیوں کے تحفظات کو دور کرلیاجائے گا تاحال ناراض بلوچوں سے کوئی رابطہ نہیں ہوا اتحادی جماعتیں مل کر سیاسی تناظر میں تمام مشکلات کو حل کرنے کی کوشش کررہی ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر نواب ثناء اللہ زہری کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کے ساتھیوں کے کافی عرصے سے تحفظات رہے ہیں جنہیں ہم نے ہر وقت دور کرنے کی کوشش کی ہے جب بھی کوئی مسئلہ درپیش آیا تو نواب ثناء اللہ زہری،عبدالرحیم زیارتوال نے انتہائی سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مثبت اندازمیں انہیں حل کرنے کیلئے ساتھ دیا ہے اتحادی حکومت میں اس طرح کی مشکلات اور ساتھیوں کے تحفظات سامنے آتے رہتے ہیں ہم اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ان تحفظات کو سنجیدگی کے ساتھ حل کرنے کی کوشش کریں گے کیونکہ تحفظات اور مشکلات پہلے بھی آتی رہی ہیں بعد میں بھی آئیں گی انہیں حل کرنے کی کوشش کی ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے تینوں اتحادی جماعتیں مشکلات کو سیاسی تناظر میں حل کرنے کی کوشش کررہی ہیں ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر عبدالماک بلوچ نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں ہم نے پشتونخوا میپ کو سپورٹ کیا ہے تاہم تینوں اتحادی مل بیٹھ کر میئر شپ کے مسئلے کا کوئی مثبت حل نکال لیں تو مثبت نتائج برآمد ہوں گے انہوں نے کہا کہ اسمبلی اور کابینہ کا اجلاس میں قانون سازی بھی ہوگی کسی کو منانے یا روٹھنے کی بات نہیں بلکہ اصل مسئلہ سیاسی ایشوز کا ہے ہم سنجیدہ اور سیاسی لوگ ہیں اور سنجیدگی کے ساتھ معاملات کو بہتر انداز میں حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ اس وقت بلوچستان مشکل حالات سے گزر رہا ہے تینوں اتحادی جماعتیں سنجیدگی سے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کررہی ہیں ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی ہر وقت خواہش ہوتی ہے کہ حکومت ٹوٹ جائے جبکہ حکومتی ارکان کی خواہش ہے کہ ان کی حکومت قائم رہے ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ناراض بلوچوں کے منانے کے حوالے سے میڈیا پر خبریں آتی رہتی ہیں لیکن ایک بات واضح کرتا چلوں کہ اب تک ناراض لوگوں سے کوئی رابطہ نہیں ہوا جب ہوگا تو میڈیا کو آگاہ کیاجائے گا۔