وزیراعظم نے بم ناکارہ بنانے کیلئے جدید آلات اور گاڑیاں چاروں صوبائی وزراء اعلیٰ کے حوالے کر دیں

بدھ 19 مارچ 2014 05:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19مارچ۔2014ء ) وزیراعظم محمد نوازشریف نے بم ناکارہ بنانے کیلئے جدید آلات اور گاڑیاں چاروں صوبائی وزراء اعلیٰ کے حوالے کر دیں۔ میڈیار پورٹ کے مطابق اس حوالے سے منگل کے روزا یوان وزیراعظم میں اس ضمن میں تقریب منعقد ہوئی ۔وزیراعظم نوازشریف کو محکمہ شہری دفاع کی جانب سے صوبوں کے حوالے کئے جانے والے ان آلات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ آئندہ دو ماہ تک 4 روبوٹ بھی حکومت کو مل جائیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے خود چاروں صوبائی وزراء اعلیٰ کو بم ڈسپوزل وہیکل کے کاغذات اور چابیاں حوالے کیں جبکہ دیگر آلات میں بم ڈسپوزل سوٹ، رات کو دیکھنے والے آلات، جیمرز، بم ناکام بنانے کیلئے خصوصی طور پر باہر سے منگوائے گئے ڈرم بھی شامل ہیں۔تقریب میں و زیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک، وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک، چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی زاہد حامد کے علاوہ اسلام آباد انتظامیہ، وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :