وزیراعلیٰ پنجاب کا چولستان میں خشک سالی کی خبروں کانوٹس، اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دیدی، صحرا کے 95 فیصد ٹوبے خشک ہو چکے انسان اور جانور ایک ہی مقام پر پانی پیتے نظر آتے ہیں، خوراک نہ ملنے سے سو سے زائد مویشی ہلاک ہو گئے جن کی باقیات جگہ جگہ پڑی ہیں‘رپورٹ

بدھ 19 مارچ 2014 05:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19مارچ۔2014ء)پنجاب کے وزیراعلیٰ محمدشہباز شریف نے چولستان میں خشک سالی کی خبروں کانوٹس لیتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی۔سندھ میں تھرسے ملحقہ پنجاب کے علاقے چولستان میں بھی خشک سالی کے باعث جانوروں کی ہلاکت اورنقل مکانی کی خبروں پر وزیراعلیٰ پنجاب نے چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے رپورٹ طلب کر لی،انہوں نے صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی اورکمیٹی کے ارکان کو فوراً چولستان جا کر صورتحال کا جائزہ لینے کی ہدایت کی،یہ کمیٹی چولستان کا دورہ کرکے وزیراعلیٰ کو رپورٹ پیش کرے گی.

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ چولستان میں خشک سالی سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فی الفور مو ثر اقدامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ایک رپورٹ کے مطابق تھر کے بعد چولستان میں موت کے سائے بڑھنے لگے۔ بارش نہ ہونے سے 95 فیصد ٹوبے خشک ہو گئے جبکہ 70 فیصد باشندے نقل مکانی پر مجبور ہو گئے‘ بہاولپور ڈویژن میں واقع 66 لاکھ ایکڑ رقبے پر پھیلے چولستان میں بارش نہ ہونے سے خشک سالی نے ڈیرے ڈال لیے۔ صحرا کے 95 فیصد ٹوبے خشک ہو چکے انسان اور جانور ایک ہی مقام پر پانی پیتے نظر آتے ہیں۔

خوراک نہ ملنے سے سو سے زائد مویشی ہلاک ہو گئے جن کی باقیات جگہ جگہ پڑی ہیں۔

چولستان کی آبادی پونے دو لاکھ نفوس پر مشتمل ہے تاہم خشک سالی کے باعث 70 فیصد باشندے نقل مکانی کر چکے ہیں۔ چولستان کے بنیادی مراکز صحت میں ڈاکٹرز موجود نہیں بلکہ ڈسپنسر اور چوکیدار ہی علاج کرتے ہیں۔ نامناسب طبی سہولیات کی وجہ سے دوران زچگی اموات کی شرح میں بہت زیادہ اضافہ ہو گیا۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ حکومت نے بروقت اقدامات نہ کیے تو تھر کے بعد یہاں بھی انسانی سانحہ رونما ہو سکتا ہے۔ ترجمان حکومت پنجاب نے کہا ہے کہ چولستان کے لوگوں کو پانی کی فراہمی کے لیے بچھائی گئی پائپ لائنوں کی مرمت کے لئے ایک کروڑ روپے کی رقم فراہم کر دی گئی ہے اور صحرائے چولستان میں تھرپارکر کے برعکس تمام معمولات زندگی معمول کے مطابق جاری ہیں۔

ترجمان حکومت پنجاب کے مطابق چولستان میں حفاظتی انتظامات مکمل کر کے میڈیکل اور ویٹرنری کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں۔ حکومت پنجاب کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے چوکس ہے۔ تمام سرکاری اداروں نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے منصوبہ بندی کر لی ہے اور مریضوں کو موسمی بیماریوں کے علاج معالجہ اور ادویات جیسی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ موبائل ڈسپنسریز کے ذریعہ جانوروں کی بیماریوں کے علاج معالجہ کے لئے ویکسینیشن کا عمل جاری ہے۔