بوم بوم آفریدی فٹ ،آج جنوبی افریقہ کے خلاف آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کا وارم اپ میچ کھیلیں گے،بنگلہ دیش کرکٹ اکیڈمی میں ٹیم کے ساتھ بھرپور ٹریننگ ، شاہد آفریدی فٹ ہیں،کو وارم اپ میچ کھیل کر ردھم میں آنے کا اچھا موقع ملے گا، معین خان

بدھ 19 مارچ 2014 05:45

ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19مارچ۔2014ء) قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ نا ز آل راوٴنڈر بوم بوم شاہد آفریدی فٹ ہوگئے ہیں اور وہ آج (بدھ )کے روز جنوبی افریقہ کے خلاف آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا وارم اپ میچ کھیلیں گے۔شاہد آفریدی ایشیا کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف بیٹنگ کے دوران ہمسٹرنگ اور گروئن کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے تھے اور انہیں چند روز آرام کرنا پڑا تھا اسی وجہ سے وہ ٹیم کے ساتھ ڈھاکہ نہیں آئے تھے۔

شاہد آفریدی پیر کے روز ڈھاکہ پہنچے ہیں اور منگل کے روز انہوں نے بنگلہ دیش کرکٹ اکیڈمی میں ہونے والی ٹیم کی ٹریننگ میں حصہ لیا۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ معین خان نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ شاہد آفریدی فٹ ہیں اور وہ جنوبی افریقہ کے خلاف وارم اپ میچ کھیلیں گے۔

(جاری ہے)

معین خان نے کہا کہ شاہد آفریدی کو وارم اپ میچ کھیل کر ردھم میں آنے کا اچھا موقع ملے گا۔

وہ ایسے کھلاڑی ہیں جن کی موجودگی سے ٹیم کا مورال بلند ہوتا ہے اور ٹیم میں موجود نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔اس کے علاوہ جس طرح وہ پورے میچ پر اثرانداز ہوتے ہیں وہ بھی بہت اہم ہے کیونکہ اس سے پوری ٹیم کو متحرک ہونے میں مدد ملتی ہے۔معین خان کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے وارم اپ میچ سے اچھی پریکٹس مل گئی ہے گوکہ چندایک پرفارمنس اچھی نہیں ہوئی ہیں لیکن مجموعی طور پر یہ ایک اچھا میچ تھا جو پاکستان نے جیتا۔