وویمنز ورلڈ کپ ٹی20: وارم اپ میچ میں پاکستان کو انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا ،گرین شرٹس نے مقررہ 20اوورز میں 106رنز بنائے ، انگلینڈ نے بمشکل ہدف آخری اوور میں 8وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا ، دوسرے وام اپ میچز میں نیوزی لینڈ نے بھارت ، آسٹریلیا نے سری لنکا ، ویسٹ انڈیز نے ساؤتھ افریقہ کو شکست دیدی

بدھ 19 مارچ 2014 05:45

میرپور، ڈھاکہ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19مارچ۔2014ء) وویمنز ورلڈ کپ ٹی 20کے وارم اپ میچ میں انگلینڈ وو یمننے پاکستانی وویمن ٹیم کو 2وکٹوں سے شکست دیدی ۔پاکستانی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 106رنز ہی بنا سکی ۔ گرین شرٹس کی طرف سے ندا ڈار اور کپتان ثناء میر نے 36،36سکور کئے جبکہ بسمہ معروف نے 11رنز بنائے پاکستان ٹیم کی دونوں اوپنرز نین عابدی اور جویریہ خان بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئی ۔

انگلینڈ وویمن کی طرف سے ڈرین ہازل اور سکیور نے 2,2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔106رنز کا ہدف انگلش وویمن نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 19.5اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا ۔ گرین شرٹس نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اسمایہ اقبال اور سمایہ صدیقی نے 3,3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ سعدیہ یوسف نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔

(جاری ہے)

انگلینڈ کی طرف سے گرین وے 34، کپتان ایڈورڈ 21رنز بنا کر نمایاں رہی جبکہ نائٹ نے 6اور ولسن نے 8رنز بنائے۔

ایک اور وارم اپ میچ میں آسٹریلیا نے سری لنکا وویمن ٹیم کو 19رنز سے شکست دیدی ۔ سری لنکا وویمن ٹیم نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی تو آسٹریلیا نے مقررہ 20اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 144رنز بنائے ۔ آسٹریلیا کی طرف سے کپتان لیننگ 43اور کیمرون 30رنز بنا کر نمایاں رہی جبکہ ویلانی 21اور ہالی نے 16رنز بنائے سری لنکا کی طرف سے گونارتنے نے تین کھلاڑیوں کو آؤ ٹ کیا ۔

144رنز کے جواب میں سری لنکا وویمن ٹیم 20اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 125رنز تک ہی محدود رہی ۔ کپتان سیراوردنے 39رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہی جبکہ جیگانی 20اور مینڈس نے 18رنز بنائے ۔ آسٹریلیا کی طرف سے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے جونسن نے 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ دوسری وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ وویمن ٹیم نے انڈین وویمن ٹیم کو 17رنز سے شکست دی ۔ انڈینز وویمن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 20اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر138رنز بنا سکی نیوزی لینڈ کی طرف سے پرینکس 40اور گلشان 34رنز بنا کر نمایاں رہیں جبکہ کپتان بیٹس نے 13رنز بنائے پانچ کھلاڑی ڈبل فیگر کراس نہ کرسکے بھارت کی طرف سے گوسوامی اور پینڈ ے نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤ ٹ کیا ۔

138رنز کے ہدف میں بھارتی ٹیم مقررہ 20اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 121رنز ہی بنا سکی ۔ بھارت کی طرف سے کپتان ایم راج 53،ہائن کور27 اور گوسوامی نے 10رنز بنائے ۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے نیلسن نے 3جبکہ میکائے اور جینسن نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ وارم اپ کے چوتھے میچ میں ویسٹ انڈیز وویمنز نے ساؤتھ افریقہ کو 52رنز سے شکست دی ۔ ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 123رنز بنائے ایس آر ٹیلر نے شاندار 45ونز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہی ۔ انگلینڈ کی طرف سے ایس اسماعیل نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔123رنز کے جواب میں افریقہ کی ٹیم 18.5اوورز میں 71 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی وینڈر واستوزن 24اور کپتان ڈیپوریز 16رنز بنا کر نمایاں رہی ۔