#شام: خلائی ریسرچ کے منصوبے کی منظوری،شامی سرزمین اور پانیوں کی نگرانی موئثر کی جائے گی

جمعرات 20 مارچ 2014 06:33

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20مارچ۔2014ء)شام کی حکومت نے خلائی ریسرچ کا ادارہ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق شامی کابینہ نے\'\' شامی سپیس ایجنسی \'\' کے نام سے منصوبے کی منظوری دی ہے تاکہ خلائی ٹیکنالوجی کی مدد سے اپنے پانیوں اور زمین کی نگرانی موئثر بنا سکے۔حکومت توقع رکھتی ہے کہ یہ ٹیکنالوجی ملکی ترقی میں بروئے کار لائی جا سکے گی۔

تاہم تین برسوں پر محیط خانہ جنگی سے ملکی معیشت کے تباہ ہو جانے اور مغربی ممالک کی طرف سے عاید کردہ پابندیوں سے اقتصادی حالات کی مزید ہونے والی خرابی میں یہ سوال اپنی جگہ اہم ہے کہ کہ شامی حکومت کا خلائی تحقیقات سے متعلق یہ منصوبہ آگے بڑھ سکے گا۔واضح رہے اس سے پہلے وزیر اعظم وائل الحلقی کے پیش کیے گئے ایک تخمینے کے مطابق تین سالہ خانہ جنگی نے اکتیس ارب ڈالر کا نقصان کیا ہے۔

(جاری ہے)

اس نقصان کو شامی پاونڈز کے حوالے سے دیکھا جائے تو یہ چار ٹریلین پاونڈ کے برابر ہے۔ البتہ وزیر اعظم نے یہ واضح نہیں کیا ہے کہ انہوں نے صرف املاک کو پہنچنے والا نقصان بتایا ہے یا اس سے وسیع پیمانے پر تخمینہ لگایا گیا ہے۔شام میں 2011 کے دوران شروع ہونے والی مزاحمتی تحریک سے اب تک ایک لاکھ 46 ہزاری شہر لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ جبکہ لاکھوں شہری دوسرے ملکوں میں پناہ گزین ہونے پر مجبور ہو چکے ہیں۔