برطانیہ ،چور سْرنگ کھود کے رقم لے اڑے

جمعہ 21 مارچ 2014 03:58

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21مارچ۔2014ء)برطانیہ کے شہر سیلفرڈ میں چوروں نے پچاس فْٹ لمبی سرنگ کھود کے ایک بڑی دکان میں لگی ہوئی کیش مشین سے خاصی بڑی رقم چرا لی ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ سیلفرڈ کے علاقے میں واقع سپر سٹور ’ٹیسکو‘ کی عمارت میں لگی ہوئی اس کیش مشین سے رقم جمعے کو شام چھ بجے اور رات بارہ بجے کے درمیان لوٹی گئی۔

چور رات کے اندھیرے میں عمارت سے ملحق بنجر زمین سے سرنگ کھودتے کھودتے دکان کے اندر پہنچ گئے جہاں سے وہ بھاری رقم چرا کے سرنگ کے راستے ہی واپس فرار ہو گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ انھیں ایسے ’مشکوک دکھائی دینے والے افراد‘ کی تلاش ہے جنہیں شاید مقامی لوگوں نے گرد لگے ہوئے کپڑوں میں ملبوس شہر میں کسی جگہ دیکھا ہو۔

(جاری ہے)

سرنگ کی ساخت کی پیچیدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس کا خیال ہے کہ اس کی کھدائی میں چوروں کو شاید کئی ماہ لگ گئے ہوں۔

گریٹر مانچسٹر پولیس کے ڈپٹی سارجنٹ مارک ٹوکر کا کہنا ہے کہ ’ ظاہر ہے کہ چوروں نے اس واردات کی منصوبہ بندی میں خاصا وقت لگایا ہوگا۔ مجھے شک ہے کہ اتنے طویل عرصے میں وہ اپنے منصوبے کو خفیہ رکھ سکے ہوں گے، انھوں نے دوسرے لوگوں سے اپنی سکیم کے بارے میں بات ضرور کی ہو گی۔چوروں کا گروہ اس ورادت میں چھ ہزار پاوٴنڈ کی رقم چرانے میں کامیاب ہوگیا۔پولیس کے مطابق یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہوگا کہ اس واردات کا سنہ 2012 میں پرسینٹ کے علاقے میں کی جانے والی ایک ملتی جلتی چوری سے کوئی تعلق ہے یا نہیں۔ چوروں کے ایک گروہ نے سنہ 2007 میں بھی ایک ایسی ہی واردات کی تھی۔پولیس کے مطابق ان تینوں وارداتوں میں ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

متعلقہ عنوان :