امریکہ سے شراکت داری مضبوط ہورہی ہے ،ایک دوسرے کی ترجیحات اورمفادات کااحترام کریں گے ،جلیل عباس جیلانی ،افغانستان میں امن کے عمل کی حمایت کرتے ہیں،چاہتے ہیں بھارت سے تمام تنازعات مذاکرات کے ذریعے طے کئے جائیں، ایشیاسوسائٹی سے خطاب

ہفتہ 22 مارچ 2014 06:26

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22مارچ۔ 2014ء)امریکہ میں پاکستان کے سفیرجلیل عباس جیلانی نے کہاہے کہ امریکہ سے شراکت داری مضبوط ہورہی ہے ،ایک دوسرے کی ترجیحات اورمفادات کااحترام کریں گے ،افغانستان میں امن کے عمل کی حمایت کرتے ہیں اورچاہتے ہیں کہ بھارت سے تمام تنازعات مذاکرات کے ذریعے طے کئے جائیں ۔گزشتہ روزیہاں ایشیاسوسائٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان اورامریکہ کے درمیان مفاہمت بڑھ رہی ہے ،دونوں ملک قریب آرہے ہیں اورمختلف شعبوں میں شراکت داری مضبوط ہورہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ امریکہ پاکستان سے دہشتگردی کے خاتمے ،تجارت ،معیشت ،توانائی اوردیگرشعبوں میں تعاون کررہاہے ،جسے ہم قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔پاکستانی سفیرنے کہاکہ امریکہ اورپاکستان ایک دوسرے کی ترجیحات اورمفادات کااحترام کرتے ہیں ،پاکستان اپنی خارجہ پالیسی کے تحت تمام ممالک سے دوطرفہ مفادات کے تحت چل رہاہے ،امریکہ کے ساتھ بھی ہم اسی بنیادپربات چیت کررہے ہیں اورمختلف شعبوں میں تعاون کوفروغ حاصل ہورہاہے ۔

(جاری ہے)

جلیل عباس جیلانی نے کہاہے کہ پاکستان بھارت سے تمام تنازعات بات چیت کے ذریعے حل کرناچاہتاہے ،ہم اس پربھی تیارہیں کہ بڑے تنازعات حل کرنے کیلئے دوستوں سے بھی تعاون حاصل کرسکتے ہیں جبکہ بھارت اس قسم کی کسی پیشکش کوقبول نہیں کرتا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ تعلقات کومعمول پرلانے پربھرپورتوجہ دی ہے ،موجودہ حکومت نے اقتدارمیں آتے ہی بھارت سے تجارت اوردیگرامورپربات چیت شروع کی ہے اورہم چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک مل کراپنے عوام کی ترقی اورخوشحالی کیلئے کام کریں ۔اس مقصدکیلئے اگربھارت ایک قدم اٹھائے گاتوہم دوقدم اٹھانے کیلئے تیارہیں ۔اس موقع پرموجودسامعین نے پاکستانی سفیرسے مختلف سوالات بھی کئے جن کاانہوں نے انتہائی تحمل مزاجی سے جواب دیا۔