ایران جوہری مذاکرات کے موقع سے فائدہ اٹھائے‘ امر یکی صدر ،آئند ہ برسوں کے دوران ایرانی عوام کیلئے نئے امکانات اور خوشحالی کے مواقع پیدا ہوسکتے، باراک اوباما

ہفتہ 22 مارچ 2014 06:19

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22مارچ۔ 2014ء)امریکی صدربا راک اوباما نے ایرانی حکومت پر زوردیا ہے کہ وہ چھے بڑی طاقتوں کے ساتھ جاری جوہری مذاکرات کے موقع سے فائدہ اٹھائے اور ملک کی اقتصادی تنہائی کا خاتمہ کرے۔ غیرملکی خبر رسا ں ادارے کے مطا بق امریکی صدر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر ایران اپنی بین الاقوامی ذمے داریوں کو پورا کرتا ہے تو پھر ہم اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ ڈائیلاگ ،اعتماد اور تعاون کا راستہ کہاں جاسکتا ہے۔

امریکی صدر نے کہا ہے کہ\'\'ایرانیوں کو حالیہ برسوں کے دوران ایرانی لیڈروں کے اپنے خود انتخاب کردہ راستے کی بدولت معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اس وجہ سے آپ کا ملک اور دنیا آپ کی غیر معمولی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے سے محروم رہ گئی ہے\'\'۔

(جاری ہے)

اوباما کا کہنا تھا کہ \'\'اگر ایران دنیا کو یہ یقین دلانے کے لیے بامقصد اور قابل تصدیق اقدامات کرتا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پْرامن مقاصد کے لیے ہے تو پھر ایک معاہدے تک پہنچنے کے امکانات ہیں\'\'۔

انھوں نے کہا کہ \'\'اس سال حقیقی سفارتی پیش رفت سے آیندہ برسوں کے دوران ایرانی عوام کے لیے نئے امکانات اور خوش حالی کے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں\'\'۔ان کا اشارہ ایران اور چھے بڑی طاقتوں کے درمیان جوہری مذاکرات کی جانب تھا۔ان مذاکرات کے نتیجے میں گذشتہ سال چھے ماہ کے لیے عبوری معاہدہ طے پایا تھا جس کے نتیجے میں امریکا اور یورپی یونین نے ایران پر عاید کردہ پابندیوں میں نرمی کی ہے۔