پاکستان کی عظیم ثقافت کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اسکے حقیقی تشخص کو اجاگر کیا جا سکے،صدرممنون حسین

ہفتہ 22 مارچ 2014 06:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22مارچ۔ 2014ء) صدر مملکت ممنون حسین نے پاکستان کی عظیم ثقافت کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ اسکے حقیقی تشخص کو اجاگر کیا جا سکے۔اس امرکا اظہارانہوں نے جمعہ کو یوم پاکستان تقریبات کے سلسلے میں یہاں لوک ورثہ میں ثقافتی ورثہ کے بارے میں تین روزہ نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔جس کا اہتمام وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ نے کیا ہے۔

صدر مملکت نے اس موقع پر روایتی مصنوعات اور دستکاری کے حامل سٹالوں کا بھی دورہ کیا جن میں بلاک پرنٹنگ، ٹرک آرٹ، تارکاشی، اخروٹ کی لکڑی کی بنی ہوئی مصنوعات، سواتی شال، بلوچی کشیدہ کاری اور اجرک شامل تھے جن کے ذریعے ملک مختلف علاقوں کی ثقافت کو موثر انداز میں اجاگر کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

صدر نے دستکاروں اور ہنرمندوں کی روایتی مہارت کو سراہا۔

انہوں نے ورثہ میوزیم کا بھی دورہ کیا اور وہاں ملک کے چاروں صوبوں اور علاقوں کی رنگا رنگ ثقافت اور دلکش روایتی مصنوعات کے حامل مختلف پویلینز میں گہری دلچسپی ظاہر کی ۔صدر مملکت نے کہا ہے کہ پاکستان عظیم ثقافتی ورثے سے مالا مال ملک ہے، اس کے حقیقی اعتدال پسند تشخص کو اجاگر کرنے کے لئے رنگا رنگ ثقافتی ورثہ کو عالمی برادری کے سامنے بھرپور انداز میں پیش کرنے کی ضرورت ہے، ثقافتی ورثے کو نمایاں کرنا نہ صرف اپنی منفرد شناخت کی عکاسی بلکہ آئندہ نسلوں تک اپنی اعلیٰ اقدار و ثقافت کو منتقل کرنے کے لئے بھی انتہائی اہم ہے۔

متعلقہ عنوان :