حادثہ میں جاں بحق صحافیوں کے اہلخانہ کو انشورنس‘ دہشتگردی کا نشانہ بننے والے صحافیوں کے مقدمہ کیلئے علیحدہ پراسیکیوٹر مقرر کیا جائیگا‘ ریٹائرڈ ہونیوالے صحافیوں کو پنشن بھی ملے گی، وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید

اتوار 23 مارچ 2014 07:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23مارچ۔2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے صحافیوں کیلئے پلان کا اعلان کیا ہے جس میں حادثہ میں جاں بحق ہونیوالے صحافیوں کے اہلخانہ کو انشورنس‘ فرائض کی ادائیگی کے دوران دہشت گردی کا نشانہ بننے والے صحافیوں کا مقدمہ نہ صرف انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلایا جائیگا بلکہ ان کیلئے علیحدہ پراسیکیوٹر بھی مقرر کیا جائیگا اور ریٹائرڈ ہونیوالے صحافیوں کو پنشن ملے گی۔

فوج اور سول سروسز سمیت تمام بڑے بڑے ادارے اپنے ملازمین کو تربیتی کورسز کراتے ہیں‘ ریاست کا وجود صحافت سے وابستہ ہے جہاں صحافت مضبوط ہو وہ ملک کبھی ریزہ ریزہ نہیں ہو سکتا‘ صحافت کا آزاد ہونا ریاست کی مضبوطی کا سبب بنتا ہے‘ صحافیوں کو تربیتی کورسز میں صوبائی اور قومی وزارت اطلاعات ہر ممکن سہولت بہم پہنچائے گی۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کو لاہور پریس کلب میں کونسل آف پاکستان پریس کلبز اور میڈیا ایڈووکیسی سنٹر کے مابین ہونیوالے معاہدے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ میڈیا کا آزاد اور ذمہ دار ہونا بہت بڑی بات ہے تاہم اس کیلئے تربیت کا ہونا بہت ضروری ہے کہ خبر کو کب اور کیسے استعمال کیا جائے تاکہ ملکی مفادات کو نقصان نہ پہنچے۔ آج جس منزل کی طرف قدم اٹھایا گیا ہے یہ اس کمی کے خلاء کو پورا کریگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں لیکن ریاست مستقل حیثیت رکھتی ہے۔

جس نے قائم رہنا ہے اور اس کے مفاد کے تحفظ کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔ صحافیوں کو کورس کرانے میں وزارت اطلاعات پنجاب اور وزارت اطلاعات و نشریات وفاق بھرپور تعاون اور مدد کرینگی تاکہ وسائل کی کمی نہ ہو جبکہ دوسری صوبائی حکومتوں سے بھی گزارش کروں گا اور انہیں اس بات پر آمادہ کروں گا‘ اس سے نہ صرف صحافت کو بلکہ سیاسی جماعتوں اور صوبوں کو بھی فائدہ ہو گا۔