بھارت، چین ‘ ایران ‘ سری لنکا ‘ سپین‘ بھارت اور ہانگ کانگ میں قائم پاکستانی سفارتخانوں اور ہائی کمیشنز میں یوم پاکستان جوش و جذبے سے منایا گیا، سفارتخانوں پر قومی پرچم لہرایا گیا ،تقاریب میں صدر اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے

پیر 24 مارچ 2014 07:07

میڈرڈ/ کولمبو/ہانگ کانگ/بیجنگ / نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24مارچ۔2014ء) بھارت، چین ‘ ایران ‘ سری لنکا ‘ سپین ، ہانگ کانگ سمیت دیگر ممالک میں میں قائم پاکستانی سفارتخانوں اور ہائی کمیشنز میں 75 واں یوم پاکستان پورے جوش و جذبے سے منایا گیا‘ اس موقع پر پاکستانی سفارتخانوں پر قومی پرچم لہرایا گیا جبکہ منعقدہ تقاریب میں یوم پاکستان کے حوالے سے صدر اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے ۔

اس ضمن میں چین میں پاکستانی سفارت خانے میں تقریب منعقد ہوئی جس کی میزبانی پاکستانی سفیر مسعود خالد نے کی۔ اس موقع پر پاکستان ایمبیسی کالج کے طلبہ نے قومی ترانہ پیش کیا جبکہ مسعود خالد نے اپنے خطاب کے دوران یوم پاکستان کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین مضبوط سٹریٹجک شراکت دار ہیں اور دونوں ملک اقتصادی اور دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان رابطوں کو مضبوط بنانے کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ مخلص ہیں۔

اسی طرح یوم پاکستان کے موقع پر سری لنکا میں پاکستانی ہائی کمشنر میجر جنرل ریٹائرڈ قاسم قریشی نے اپنے پیغام میں کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ اور خوشگوار تعلقات قائم ہیں جو باہمی احترام اور بھروسے پر قائم ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں منتخب جمہوری حکومت کی اولین ترجیح معیشت کی بحالی اور دہشت گردی کا خاتمہ ہے جبکہ حکومتی کوششوں کی وجہ سے معیشت بہتر ہورہی ہے اور روپے کی قدر بہتری سے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری اور محصولات میں بھی اضافہ ہوگا۔

اس موقع پر انہوں نے پاکستانی ہائی کمیشن میں منعقدہ پر وقار تقریب کے دوران قوم پرچم بھی لہرایا۔ اسی طرح کی ایک تقریب سپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں بھی منعقد ہوئی جہاں پاکستانی سفیر رضوان الحق محمود نے قومی پرچم لہرایا اور صدر ممنون حسین اور وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے جس میں انہوں نے ملک کو خوشحالی کی طرف کے لئے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔

دوسری جانب ہانگ کانگ میں پاکستان کی ایسوسی ایشن نے ایک سادہ لیکن پروقار تقریب کے دوران یوم پاکستان منایا اس موقع پر ہانگ کانگ میں پاکستان کے قونصل جنرل غفران میمن نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر پاکستانی قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کے چیئرمین سراج محمد خان اور پاکستان تحریک انصاف کے ارکان پارلیمنٹ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل نے یوم پاکستان کی تاریخی اہمیت واضح کی اور کہا کہ پاکستان کو جدید ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنانے کیلئے ساری قوم کو مشترکہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا کردار انتہائی اہم ہے کیونکہ وہ بیرون ملک رہتے ہوئے پاکستان کے سفیروں کی حیثیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے جس سے نمٹنے کیلئے قرآن اور حضور نبی کریم کی تعلیمات عمل پیرا ہونے کی اشد ضرورت ہے۔ دریں اثناء بھارت کے دارالحکو مت نئی دہلی میں بھی یوم پاکستان کی تقریب قومی جوش و جذبے سے منائی گئی۔ یوم پاکستان کی تقریب نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمیشن آفس میں ہوئی۔ اس تقریب میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے قومی ترانے کی دھن پر پرچم کشائی کی‘ تقریب میں صدر ممنون حسین اور وزیراعظم کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے‘ ہائی کمشنر عبدالباسط نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتا ہے‘ اس موقع پر بھارت میں نمایاں خدمات انجام دینے والے طلباء میں انعامات اور تحائف تقسیم کیے گئے۔