آزادکشمیر سمیت ملک بھر میں تین روزہ انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہوگی،ملک بھر میں سکیورٹی الرٹ،مہم کوکامیاب بنانے کیلئے علماء کرام اور سماجی تنظیموں سے مدد لینے کا فیصلہ

پیر 24 مارچ 2014 07:10

اسلام آباد/لاہور/کراچی/سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24مارچ۔2014ء) ملک بھر میں پولیو مہم کے دوران سکیورٹی ہائی الرٹ رکھتے ہوئے پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے بیورو کریسی کے علاوہ سول سوسائٹی‘ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی و سیاسی شخصیات سے مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے‘ اس ضمن میں(آج) 24 مارچ کو قومی پولیو ڈے کے طور پر منایا جائے گا‘سرگودھا‘ خوشاب‘ بھکر‘ میانوالی سمیت دیگر اضلاع میں تین روزہ پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے‘ اپنے اپنے اضلاع میں پولیو ورکرز کو پانچ سال سے کم عمر بچوں کو قطرے پلانے کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے‘ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پولیو مہم کے دوران وکررز کو فول پروف سکیورٹی فراہم کریں‘ جبکہ وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف نے پارٹی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور عہدیداران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے سول سوسائٹی اور دیگر طبقات کو اپنے ساتھ شامل کریں‘ تا کہ ملک بھر میں پولیو مہم کے سلسلے میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو قطرے پلانے کا مختص کیا گیا ٹاسک کامیابی سے حاصل کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق تمام علاقوں جہاں پر پولیو ڈے کی ٹیم ہونگی وہاں پر پولیس کو سکیورٹی کیلئے تعینات کیا جائے گا‘ بیورو کریسی‘ سول سوسائٹی کے علاوہ ارکان اسمبلی بھی پولیو مہم میں شامل ہونگے۔سندھ کے ضلع عمر کوٹ سے ہمارے نمائندے کے مطابق عمرکوٹ میں پولیو جیسے موذی مرض کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے ایک بھرپور جامع حکمت عملی طے کی گئی ہے ، ضلع میں پولیو مرض کے خاتمے کے لیے عام لوگوں کے ساتھ ساتھ سماجی، مذہبی، سیاسی لوگوں کو بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا ،ضلع عمرکوٹ میں 24 مارچ سے 26 مارچ تک پولیو کے خلاف خصوصی مہم چلائی جائے گی ۔

سماجی ، سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے علماء سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ 24 مارچ سے 26 مارچ تک پولیو کے خلاف خصوصی مہم میں 05سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائے جائیں ،پولیو مہم قومی فرضیہ ہے اس میں تمام ادارے اپنا کردار ادا کریں ، پولیو مہم کے دوران 197039بچو ں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے ،24 مارچ سے شروع ہونے والی پولیو مہم کیلیے 52 تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جس کے تحت فیکس ٹیمیں،67ٹرانزینٹ ٹیم،25یوسی میڈیکل آفیسر /یوسی انچارج، تعلقہ سپروائزر 04،ایریا انچارج 129، ہاوس ٹیمیں 462، ایل ایچ ڈبلیو539 تشکیل دی ہیں ، انہوں نے ڈپٹی کمشنر سے کہا کہ پولیو ٹیموں کے لیے ہر علائقے میں سکیورٹی کا خاص انتظامات کئے جائے۔

آزاد کشمیر بھر سمیت دارالحکومت مظفرآباد میں بھی 24 تا 26 مارچ پولیو مہم شروع ہوگی۔ مہم کیلئے 311 موبائل ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہے۔ 111849 پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کیلئے ضلع بھر میں 311 موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ 57 فکسڈ اور 16 ٹرانزٹ پوائنٹ قائم کئے گئے ہیں جوکہ ٹیموں کو ٹریننگ کیساتھ ساتھ انہیں فیلڈ میں بروقت ویکسین کی ترسیل کو یقینی بنائیں گے۔ 74 ایریا انچارج مقرر کئے گئے ہیں جبکہ پولیو ٹرانزٹ پوائنٹس پر پولیس کی نفری تعینات کی جائے گی جبکہ والدین سفر کے دوران بھی بچوں کو پولیو ویکسین پلاسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :