کراچی،گورنر ڈاکٹر عشرت العباد کی بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزا ر پر حاضری ،پھولوں کی چادر چڑھائی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کئے ،گورنر کا بابائے قوم کے مزار کے احاطے میں موسم بہار کی آمد پر پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز

پیر 24 مارچ 2014 06:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24مارچ۔2014ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے اتوار کی صبح بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزا ر پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی اور مہمانوں کی کتاب پر اپنے تاثرات قلم بند کئے گورنر سندھ نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار کے احاطے میں موسم بہار کی آمد پر پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، صوبائی وزراء اور ممبران سندھ اسمبلی بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔

بعد ازاں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ایمپریس مارکیٹ صدر اور اسکے قرب و جوار کے علاقوں کی ازسرِ نو بحالی کے منصوبے کا آغاز کیا۔ اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر نثار کھوڑو کے علاوہ صوبائی اسمبلی کے ممبران رؤف صدیقی، اویس مظفر، شرمیلہ فاروقی، قائم مقام آئی جی سندھ اقبال محمود، کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی، ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی، ڈپٹی کمشنر ساؤتھ مصطفیٰ جمال قاضی کے علاوہ دیگر اعلیٰ افسران اور شہری موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ اور اس سے ملحقہ علاقوں بشمول صدر کو اس کے قدیم ثقافتی مزاج کے مطابق از سر نو بحالی کے اس منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لئے وسائل مہیا کر دئے گئے ہیں تاکہ یہ منصوبہ مقررہ وقت پر مکمل ہوسکے۔ صدر اور ایمپریس مارکیٹ کا علاقہ صدیوں سے نہ صرف ملک کا اہم تجارتی مرکز رہا ہے بلکہ یہ کراچی شہر کا دل ہے بدقسمتی سے ایمپریس مرکیٹ اور صدر کا علاقہ پسماندگی کی علامت بنا ہوا ہے جب کہ روزانہ لاکھوں افراد یہاں روزگار ، تجارت اور خرید و فروخت کے لئے آتے ہیں۔

صرف صدر کے علاقے سے ملکی خزانے کو بھاری ٹیکس میسر آتا ہے صدر کو پورے ملک کے لئے ICONبنانا نہ صرف ان کاوژن ہے بلکہ وقت کی ضرورت بھی ہے ۔ ایمپریس مارکیٹ اور صدر کا عظیم ماضی اس بات کا متقاضی ہے کہ صدر اور اس کے قرب وجوار کے علاقے کو پرکشش اور جازب نظر بنایا جائے اس مقصد کی تکمیل کیلئے معروف کنسلٹنٹ کی نگرانی میں منصوبہ تیار کیا گیا اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں صدر کو ہر قسم کے تجاوزات سے پاک کرنا اور اسے ٹریفک فری بنانا ہے جس کے لئے صدر میں داخل ہونے والی پبلک ٹرانسپورٹ کو متبادل راستوں سے باہر لے جانا اور پارکنگ پلازہ کے مدد سے صدر آنے والے تاجر اور خریداروں کو ان کی گاڑیوں کے لئے پارکنگ کی سہولیات مہیا کرنا اس منصوبے کا آغاز ہے ۔

منصوبہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے بنایا گیا ہے جس کی تکمیل سے نہ صرف صدر کے رہائشی اور تاجروں کو فائدہ پہنچے گا بلکہ صدر آنے والے افرادکو خریداری اور تفریح کے لئے بہترین ماحول میسر ہوگا ۔انہوں نے کہا اس منصوبے پر آنے والی لاگت انہوں نے اپنے ترقیاتی فنڈ سے مہیا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر پہلے مرحلے کے لئے 61 ملین روپے سالِ رواں کے لئے جاری کردئے گئے ہیں جبکہ دوسرے مرحلے کے لئے بھی تخمینے کی رقم پہلے مرحلے کی تکمیل کے ساتھ ساتھ جاری کردیا جائے گا تاکہ منصوبہ تیز رفتاری سے مکمل ہوسکے۔