ٹی 20ورلڈکپ، اکمل برادرز کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے دوسرے اور اہم میچ میں مضبوط حریف آسٹریلیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد16رنز سے شکست دیدی،عمر اکمل کو شاندار بیٹنگ پر مین آف دی میچ قراردیا گیا،پاکستان کی کامیابی پر شائقین کرکٹ کازبردست جشن

پیر 24 مارچ 2014 06:51

میرپور،بنگلہ دیش (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24مارچ۔2014ء) قومی کرکٹ ٹیم نے اکمل برادرز کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے اپنے دوسرے اور اہم میچ میں مضبوط حریف آسٹریلیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد16رنز سے شکست دیدی،عمر اکمل کو شاندار بیٹنگ کی بدولت مین آف دی میچ قراردیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق اتوار کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے گروپ بی کے اہم میچ میں آسٹریلیا کے کپتان جارج بیلی نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کوبیٹنگ کی دعوت دی،پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا،ابتدائی بلے باز احمد شہزاد 5اور محمد حفیظ13رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے،اس کے بعد کامران اکمل اور عمر اکمل کے درمیان شاندار 96رنز کی پارٹنر شپ ہو۔

دونوں بھائیوں نے 25رنز دو کھلاڑی آؤٹ کے بعد ٹیم کو مشکل صورت حال سے نکالا،خاص طور پر عمران اکمل نے شروع سے ہی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور آسٹریلوی باؤلرز کے دباؤ کو کم کیا ۔

(جاری ہے)

کامران اکمل31رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عمر اکمل نے انتہائی جارحانہ اننگز کھیل کر 94رنز بنائے،عمر اکمل آخری اوور میں آؤٹ ہوئے،شاہد خان آفریدی نے بھی جارحانہ بلے بازی کی، وہ 20رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔

پاکستان کی ٹیم نے مقررہ 20اوورز میں4وکٹوں کے نقصان پر192رنز بنائے،آسٹریلیا کا آغاز بھی اچھا نہ رہا،پہلے ہی اوور میں ذوالفقار بابر نے2بیٹسمینوں کو آؤٹ کردیا،تاہم میکس ویل اور فنچ نے شاندار سنچری پارٹنر شپ کی اور اپنی ٹیم کو جیت کی پوزیشن پر لے گئے،لیکن شاہد آفریدی نے شاندار باؤلنگ کرکے میکس ویل اور جارج بیلی کو آؤٹ کرکے میچ کو پاکستان کے حق میں کردیا،سعید اجمل نے بھی اچھی باؤلنگ کی،آسٹریلیا کی پوری ٹیم آخری اوور کی آخری بال پر 175رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی،آسٹریلیا کی جانب سے میکس ویل نے75اور فنچ نے 65رنز بنائے،پاکستان نے یہ میچ16رنز سے جیت کر2قیمتی پوائنٹ حاصل کرلئے،پاکستان کی طرف سے شاہد آفریدی،عمر گل اور بلاول بھٹی نے2,2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،عمراکمل کو شاندار اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اس طرح پاکستان نے اہم میچ میں زبر دست کامیابی حاصل کرکے ٹی 20کپ میں اپنے امکانات کو روشن کیا ہے۔ادھرقومی کرکٹ ٹیم کی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے خلاف اہم میچ میں شاندار کامیابی پر شائقین کرکٹ کی طرف سے زبردست جشن منایا گیا اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا گیا،ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارش اور سرد موسم کے باوجود کرکٹ ٹیم کے مداحوں نے زبردست جوش وخروش کے ساتھ میچ دیکھا،اس موقع پر بڑی بڑی سکرینز نصب کی گئی تھیں،جہاں بڑی تعداد میں لوگ جمع تھے اور میچ سے خوب لطف اندوز ہوئے،قومی ٹیم کے بیٹسمینوں کے ہر چوکے اور چھکے اور آسٹریلوی بیٹسمینوں کی وکٹیں گرنے پر شائقین نعرے لگا کر ٹیم کو داد دیتے رہے،ٹیم کی کامیابی پر منچلوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا،بھنگڑے ڈالے گئے اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور ایک دوسرے کو مبارکبادیں دی گئیں۔

متعلقہ عنوان :