رینٹل پاور ریفرنس، احتساب عدالت نے آئندہ سماعت پر راجہ پرویز اشرف سمیت تمام ملزمان کو طلب کرلیا

منگل 25 مارچ 2014 07:01

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25مارچ۔ 2014ء) رینٹل پاور ریفرنس،اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے نیا ریفرنس دائر کیے جانے کے بعد آئندہ سماعت پر سابق وزیر اعظم و مرکزی ملزم راجہ پرویز اشرف سمیت تمام ملزمان کو طلب کر لیا ہے۔پیر کے روز احتساب عدالت میں نیب کی جانب سے سابق وزیر اعظم و رینٹل پاور کیس کے مرکزی ملزم راجہ پرویز اشرف کے خلاف نیا ریفرنس دائر کر دیا ہے جس کے باعث عدالت نے آئندہ سماعت پر راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر تمام ملزمان کو طلب کرلیا ہے۔

نیب کی جانب سے دائر کیے گئے نئے ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ ملزم راجہ پرویز اشرف نے سابق دور حکومت میں بطور وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی کے ایسے فیصلے کیے جس سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا ہے۔

(جاری ہے)

ریفرنس میں پرویز اشرف پر ریٹنل پاور پراجیکٹ کی مشینری کی غیر قانونی طور پر منقلی سمیت دیگر الزامات عائد کیے گئے ہیں ۔قبل ازیں عدالت نے رینٹل پاور کیس کی سماعت وکلاء کی عدم پیشی کے باعث بغیر کسی کاروائی کے 9اپریل تک ملتوی کر دی تھی۔راجہ پرویز اشرف عدالت کی جانب سے گزشتہ سماعت پر دیئے گئے استثنیٰ کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوئے جبکہ ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک بیرون دورے کے باعث پیش نہیں ہوئے اور دیگر وکلاء ہڑتال کے باعث پیش نہیں ہوسکے تھے۔

متعلقہ عنوان :