امریکی صدر جمعرات کو سعودی عرب کا دورہ کریں گے

منگل 25 مارچ 2014 06:53

جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25مارچ۔ 2014ء)امریکا کے صدر براک اوباما دورہ یورپ کے اختتام پر آئندہ جمعرات کو سعودی عرب پہنچیں گے، جہاں وہ سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز سے شاہی محل میں مفصل ملاقات بھی کریں گے۔ امریکی صدر جمعہ کے روز سعودی عرب ہی میں قیام کریں گے اور ہفتے کو وطن واپس روانہ ہو جائیں گے۔العربیہ ٹی وی کے مطابق براک اوباما کے دورے کا مقصد دوست ممالک کو ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے جاری مذاکرات کے سلسلے میں اعتماد میں لینا ہے۔

سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز سے ملاقات میں صدر اوباما شام کی تازہ صورت حال، باغیوں کی فوجی امداد، ایران کے جوہری پروگرام پر جاری بات چیت، مشرق وسطیٰ کے امن مذاکرات اور مصر کے سیاسی حالات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ دو روز قبل امریکی قومی سلامتی کی خاتون مشیر سوزان رائس نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ صدر اوباما جلد سعودی عرب کے دورے پر جائیں گے، جہاں وہ سعودی فرمانروا سے ملاقات میں خلیج کی سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق امریکی موقف کے بارے میں انہیں اعتماد میں لیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ صدر براک اوباما خادم الحرمین الشریفین کے ساتھ باہمی دلچسپی کے کئی دیگر موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے، جن میں دوطرفہ سیکیورٹی واقتصادی تعاون اور انسداد دہشت گردی کے موضوعات خاص طور پر شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :