مقامی صنعت کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا ، اسحاق ڈار کی چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے نمائندوں کو یقین دہانی،مقامی صنعت کے فروغ کیلئے ہمیں اس کی بہتری کیلئے اقدامات کرتے ہوئے اس کی مثبت تشہیر پر زور دینا ہوگا‘ حکومت عام آدمی پر کوئی ایسا بوجھ ڈالنے سے پرہیز کرے گی جو کہ اس کے لئے ناقابل برداشت ہو، وزیر خزانہ کی ایف بی آر میں تشکیل شدہ خصوصی کمیٹی کے دوسرے اجلاس کی صدارت

منگل 25 مارچ 2014 06:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25مارچ۔ 2014ء) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مختلف چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے نمائندوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ مقامی صنعت کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا تاکہ مقابلہ کی فضاء برقرار رکھتے ہوئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کیے جائیں انہوں نے کہا کہ مقامی صنعت کے فروغ کیلئے ہمیں اس کی بہتری کیلئے اقدامات کرتے ہوئے اس کی مثبت تشہیر پر زور دینا ہوگا‘ حکومت عام آدمی پر کوئی ایسا بوجھ ڈالنے سے پرہیز کرے گی جو کہ اس کے لئے ناقابل برداشت ہو۔

پیر کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے تشکیل شدہ خصوصی کمیٹی کے دوسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔جس کا مقصد ایس آر اوز اور حکومتی رعایتوں پر نظر ثانی کرنا تھا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو طارق باجوہ نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ ذیلی کمیٹی نے متعدد شراکت داروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے کچھ سفارشات مرتب کی ہیں جن پر اب خصوصی کمیٹی نظر ثانی کرے گی۔

انہوں نے خصوصی کمیٹی کی تشکیل کی روشنی میں ذیلی کمیٹی کی جانب سے کئے گئے اقدامات کے حوالے سے اجلاس کے شرکاء کو ایک تفصیلی بریفنگ بھی دی اس موقع پر اجلاس سے اپنے خطاب کے دوران وفاقی وزیر سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ مقامی صنعتوں میں بہتری لا کر اور اس کی تشہیر پر توجہ مرکوز کرکے ہی مقامی صنعت کے فروغ کیلئے خاطر خواہ اقدامات کئے جاسکتے ہیں اور اس ضمن میں انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے انہوں نے زور دیا کہ انجینئرنگ کے شعبہ کو مضبوط بناتے ہوئے اس کو عالمی منڈیوں سے مربوط کرکے اس کو اقتصادی ترقی کے لئے ایک بہتر قوت بنایا جاسکتا ہے اس موقع پر وفاقی وزیر نے انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے حکام کو ایف بی آر کے حکام سے مل کر مشینری اور دیگر متعلقہ سامان کے حوالے سے اپنی سفارشات جلد مرتب کرنے کی ہدایت کی وزیر خزانہ نے مختلف چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے آئے ہوئے نمائندوں کو بھی یقین دہانی کرائی کہ حکومت ہر لحاط سے مقامی صنعت کے مفادات کا تحفظ یقینی بنائے گی تاکہ مقابلہ کی فضاء کو برقرار رکھتے ہوئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع کی فراہمی پیدا ہوسکے۔

وفاقی وزیر نے چیئرمین ایف بی آر طارق باوجوہ کو چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے نمائندوں سے علیحدہ ملاقات کرکے ان کی سفارشات پر نظر ثانی کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ حکومت عام آدمی پرکوئی ایسا بوجھ نہیں ڈالے گی جس کو وہ برداشت نہ کر سکے اور اس کے مفادات کا ہر ممکن دفاع کیا جائے گا اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم نے خصوصی کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کرتے ہوئے اس میں تمام متعلقہ وزارتوں کے نمائندوں ‘ شراکت داروں اور بزنس کمیونٹی کو شامل کرنیکی ہدایت اس لئے کی تھی کہ ایس آر اوز میں موجود خامیوں کو ہٹانے اور اس میں بہتری لانے کے حوالے سے سب مل کر ایک مکمل اور عقلمندانہ فیصلہ کر سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایس آر اوز کو بنیادی دھارے میں لانے اور موثر بنانے کے حوالے سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو مکمل کوششیں کررہاہے اس ضمن میں انہوں نے ذاتی طورپر کچھ اجلاسوں کی صدارت بھی کی ہے خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال‘ وفاقی وزیر برائے کامرس خرم دستگیر خان‘ وفاقی وزیر برائے ٹیکسٹائل انڈسٹری عباس خان آفریدی‘ سیکرٹری خزانہ آغا وقار مسعود ‘ سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ عمران افضل چیمہ سمیت فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس‘ کراچی چیمبر آف کامرس‘ لاہور چیمبر آف کامرس ‘ خیبرپختونخواہ چیمبر آف کامرس کے نمائندوں کے علاوہ متعدد سرکاری حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :