لاہور سمیت پنجاب میں بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری، سردیوں میں بھی کوئی ریلیف نہیں ملا‘ گرمیوں میں حکومت بجلی کے معاملے میں نہ جانے کیا سلوک کرے گی‘شہری

بدھ 26 مارچ 2014 06:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26مارچ۔ 2014ء)صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب میں بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے،10 سے18 گھنٹے کی بجلی بندش نے گھریلو اور کمرشل صارفین کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔ این ٹی ڈی سی حکام کے مطابق ملک میں بجلی کی پیداوار9350 اور طلب 11750 میگا واٹ ہے،اسی طرح بجلی کا شارٹ فال 2400 میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں10 سے 12 گھنٹے کی بجلی بندش نے شہریوں کی زندگیاں عذاب بنا دی ہیں۔بیشتر علاقوں میں ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کے معمولات زندگی درہم برہم کر دئیے ہیں۔ فیصل آباد، ملتان، گجرات، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، ساہیوال، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، سرگودھا، راجن پور سمیت صوبے کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں 14 سے16 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

طویل بجلی بندش کے باعث بیشتر علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت پیدا ہو گئی ہے جبکہ ٹیوب ویلز بند ہونے سے زراعت کا شعبہ بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ بات سمجھ سے بالاترہے کہ شارٹ فال2000میگا واٹ ہو یا 6000میگا واٹ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10سے12گھنٹوں سے کم کیوں نہیں ہوتا ‘ شہریوں کا کہنا ہے کہ سردیوں میں بھی انہیں کوئی ریلیف نہیں ملا، اب گرمیاں آ رہی ہیں حکومت بجلی کے معاملے میں نا جانے ان کے ساتھ کیا سلوک کرے گی۔