پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات حوصلہ افزا ہیں مگر یہ پائیدار نہیں ، ایڈمرل سیمول جے لاک لیئر،مستقبل میں اگر بھارت میں ممبئی جیسا ایک اور بڑا دہشتگرادانہ حملہ ہوا تو ایٹمی صلاحیت کے حامل ان ممالک میں یہ تعلقات دوبارہ کشیدہ ہوسکتے ہیں ،امریکہ کی پیسفک کمانڈ کے کمانڈر کی امریکی کانگریس کے اجلاس میں گفتگو

جمعرات 27 مارچ 2014 07:14

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27مارچ۔ 2014ء) امریکہ کی پیسفک کمانڈ کے کمانڈر ایڈمرل سیمول جے لاک لیئر نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات حوصلہ افزا ہیں مگر یہ اتنے پائیدار نہیں ، مستقبل میں اگر بھارت میں ممبئی جیسا ایک اور بڑا دہشتگرادانہ حملہ ہوا تو ایٹمی صلاحیت کے حامل ان ممالک میں یہ تعلقات دوبارہ کشیدہ ہوسکتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی کانگریس کے اجلاس میں کیا ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند سالوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں بہتری آئی ہے اور پاک بھارت تعلقات کسی حد تک حوصلہ افزاء ہیں لیکن اتنے پائیدار نہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ 2013ء سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی کے واقعات رونما ہورہے ہیں جو باعث تشویش ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر بھارت میں ایک اور بڑا دہشتگردانہ حملہ ہوا تو ان دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوسکتے ہیں اور سرحدوں پر جاری کشیدگی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری کیلئے سیاسی تعلقات میں بھی تعلقات کو بڑھا دینگی ۔

لاک لیئر نے کہا کہ چین اور بھارت ایشیا کی طاقتیں بن کر سامنے آئے ہیں ان کی اقتصادی قوت بھی مضبوط ہوئی ہے جبکہ بھارت علاقائی اور عالمی سطح پر اپنے آپ کو منوانے کیلئے ابھر کر سامنے آرہا ہے جو ایشیا پیسفک اور علاقائی سلامتی کے سلسلے میں بھارت میں مثبت کردار کیلئے اہم ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت امریکہ کے ساتھ دفاعی تعاون کو بھی بڑھا رہاہے وہ امریکہ سے سی 17ایس ، سی 130جے ایس اور پی ایٹ ایس طیاروں کی خریداری کررہا ہے ۔ انہوں نے امریکی حکومت پر زور دیا کہ وہ ایشیائی خطے کے ساتھ بھی اپنے تعلقات کو فروغ دے اور وہاں دہشتگردی کاشکار ممالک کے ساتھ عملی معاونت کے سلسلے کو بھی بڑھایا جائے