وفاقی حکومت کی جانب سے تھرپارکر کے متاثرین کے لئے کئے جانے والے امداد کے اعلانات صرف کاغذی دعوؤں تک ہی محدود ہیں اب تک ایک بھی متاثر کو ایک روپے کی امداد نہیں ملی ہے، شرجیل انعام میمن، 50کروڑ روپے آج تھر کے متاثرین کے اکاؤنٹس میں جاری کردیں گے،پرویز رشید،باقی 50کروڑ مئی میں دیں گے،متاثرین کی بحالی کا عزم کر رکھا ہے، میڈیا سے بات چیت

جمعرات 27 مارچ 2014 07:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27مارچ۔ 2014ء) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے تھرپارکر کے متاثرین کے لئے کئے جانے والے امداد کے اعلانات صرف کاغذی دعوؤں تک ہی محدود ہیں اور اب تک ایک بھی متاثر کو ایک روپے کی امداد نہیں ملی ہے۔وفاقی حکومت اور ان کے رہنماء جو دعوے کررہے ہیں کہ امداد فراہم کی جاچکی ہےء تو وہ اس ملک کے عوام کو بتائیں کہ اب تک کتنے متاثرین کو امداد فراہم کی گئی ہے۔

بدھ کو جاری اپنے ایک بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ صرف میڈیا کے ٹاک شوز اور اخبارات میں خبریں شائع کروا دینے سے امداد نہیں دی جاتی بلکہ امداد کی حقیقی فراہمی کے اقدامات ہی تھرپارکر کے متاثرین کو ریلیف فراہم کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق بتائے کہ اگر انہوں نے تھر متاثرین کو امداد فراہم کردی ہے تو جن متاثرین کو اب تک امداد موصول ہوئی ہے ان کے نام اور تعداد کو بھی عوام کے سامنے لائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی امداد صرف میڈیا میں بیانات تک ہی محدود ہے اور اب تک تھرپارکر کے ایک بھی متاثر کو اعلان کردہ رقم میں سے ایک روپیہ بھی نہیں ملا ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے تھرپارکر کے 2لاکھ 59ہزار خاندانوں میں گندم کی ترسیل کردی گئی ہے جبکہ تمام اسپتالوں اور بیسک ہیلتھ یونٹس میں ڈاکٹر، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دوائیں بھی موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب تک تھرپاکر میں جاری کام صرف سندھ حکومت کی جانب سے کیا جارہا ہے اور ضرورت پڑی تو سندھ حکومت اپنے ترقیاتی فنڈز میں کٹوتی کرکے بھی اپنے متاثرہ بھائیوں کی مزید امداد جاری رکھے گی اور جب تک تھرپارکر میں مکمل معمولات زندگی بحال نہیں ہوجاتے ریلیف کا کام جاری رہے گا۔ ادھر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات اور قومی ورثہ سینیٹر زپرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جمہوری حکومت نے ضلع تھرپارکر کے قحط سے متاثرہ افراد کو ریلیف کی فراہمی کا عزم کر رکھا ہے۔

بد ھ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت قحط کے متاثرین کی مشکلات میں کمی کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے تھر کے متاثرین کیلئے ایک ارب کی گرانٹ کے خصوصی امدادی پیکیج کا اعلان کیا ہے جس میں سے وزارت خزانہ نے 500 ملین یعنی 50 کروڑ روپے جاری کر دیئے ہیں اور یہ رقوم بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے استفادہ کرنے والوں کے اکاونٹس میں آج منتقل کر دی جائیں گی جبکہ بقیہ 50 کروڑ روپے مئی میں دیئے جائیں گے۔ وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا کہ یہ رقم تھرپارکر کے 77000 غریب خاندانوں میں تقسیم کی جائے گی اور ان نقد رقومات کی تقسیم میں شفافیت کو یقینی بنایا۔