این ایس اے معاملے کے بعد اب امریکا کو یورپی حکومتوں اور عوام کا اعتماد حاصل کرنے میں وقت لگے گا، با راک اوباما،ہماری خفیہ ایجنسیاں اچھی نیت کے ساتھ کام کرتی ہیں ان کا کسی شہری کی ذاتی زندگی میں جھانکنا مقصد نہیں ہوتا، صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 27 مارچ 2014 07:08

دی ہیگ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27مارچ۔ 2014ء)امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ این ایس اے کے جاسوسی معاملے کے بعد اب امریکا کو یورپی حکومتوں اور عوام کا اعتماد حاصل کرنے میں وقت لگے گا۔امریکی صدر نے دی ہیگ میں جوہری سمٹ کے بعد صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ ان کے دورہء یورپ کا ایک مقصد یہ بھی تھا کہ وہ یورپی قیادت سے بات چیت میں ان کے تحفظات کم کرنے کی کوشش کریں۔

’مجھے یقین ہے کہ ہماری خفیہ ایجنسیاں ایک اچھی نیت کے ساتھ کام کرتی ہیں اور ان کا کسی ڈچ، جرمن، فرنچ یا امریکی شہری کی ذاتی زندگی میں جھانکنا مقصد نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

صدر اوباما نے تاہم تسلیم کیا کہ ان خفیہ دستاویزات کے منظر عام پر آ جانے کے بعد اب ایک خاص طریقہء کار جاری ہے، جس کے ذریعے ہم صرف حکومتوں ہی نہیں بلکہ شہریوں کا بھی اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے، لیکن ظاہر ہے ایسا رات و رات نہیں ہو سکتا۔

‘خیال رہے کہ سی آئی اے کے سابق کانٹریکٹر ایڈورڈ سنوڈن نے گزشتہ برس این ایس اے کی انتہائی حساس معلومات افشاء کر دی تھیں اور اس کے بعد وہ امریکا سے فرار ہو کر پہلے ہانگ کانگ اور پھر ماسکو پہنچ گئے تھے۔ ماسکو میں انہیں عارضی سیاسی پناہ دے دی گئی تھی اور وہ تب سے روس ہی میں مقیم ہیں۔