کوئٹہ،سانحہ گڈانی تحقیقاتی کمیٹی کااجلاس ،ایرانی پیٹرول وڈیزل کی اسمگلنگ میں بااثرشخصیات ملوث ہیں ،انہیں روک نہیں سکتے، روکنے کیلئے رکاوٹیں حائل کی جاتی ہیں،کسٹم حکام کا انکشاف

جمعرات 27 مارچ 2014 07:02

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27مارچ۔ 2014ء)سانحہ گڈانی تحقیقاتی کمیٹی کااجلاس اوتھل میں منعقدہوا، تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے کسٹم حکام نے انکشاف کیا کہ ایرانی پیٹرول وڈیزل کی اسمگلنگ میں بااثرشخصیات ملوث ہیں انہیں روک نہیں سکتے، انہیں روکنے کیلئے رکاوٹیں حائل کی جاتی ہیں۔سانحہ گڈانی تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ کمشنر قلات اکبرحریفال کے سامنے ڈپٹی کلکٹر کسٹم ریاض حسین نے کہا کہ سانحہ گڈانی سے قبل متعدد بار ہم نے آئی جی بلوچستان، ایف سی حکام سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بلوچستان روٹ پر ہونے والی ایرانی پیٹرول وڈیزل کی اسمگلنگ کے حوالے سے درخواست ارسال کی مگر کوئی مثبت جواب نہیں ملا جس کی وجہ سے گڈانی سانحہ رونما ہوا۔

کسٹم حکام نے انکشاف کیا کہ اسمگلروں کی پشت پناہی میں بااثرسیاسی شخصیات ملوث ہیں جس کی وجہ سے بلوچستان روٹ پر اسمگلنگ کو روکناانتہائی مشکل ہے،انہوں نے کہا کہ ہماری بارہادرخواست پر کوئی خاص اقدام نہیں کیا گیااور اب بھی تمام اداروں کو اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے اپناکردار ادا کرناہوگا۔

(جاری ہے)

تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پاکستان کسٹم ،کوسٹ گارڈ،نیشنل ہائی وے اتھارٹی، موٹروے پولیس، بس مالکان نے اپنے بیانات قلمبند کرائے یاد رہے کہ حکومت بلوچستان نے کمشنر قلات ڈویڑن اکبر حریفال کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے اور کمیٹی سانحہ گڈانی سے متعلق تحقیقات مکمل کرکے ایک ہفتہ میں اپنی رپورٹ صوبائی حکومت کو پیش کرنے کی پابند ہے