بنگلہ دیشی شائقین کے غیر ملکی پرچم سٹیڈیم میں لانے پر پابندی، آئی سی سی نے بنگال کرکٹ بورڈ سے وضاحت طلب کرلی ، بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کا بیان اس عمل کے بھی قطعاً برعکس ہے جس کے تحت آئی سی سی بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے ساتھ موجودہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فروغ اور مارکیٹنگ کے ضمن میں کام کرتی آئی ہے ایسا کوئی بھی ایسا کام نہیں کیا جائے گا جو کسی بھی ملکی قانون سے متصادم ہو لیکن بنگلہ دیش کو وضاحت ضرور دینی چاہیے ، آئی سی سی

جمعرات 27 مارچ 2014 07:00

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27مارچ۔ 2014ء)کرکٹ کے کھیل کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ سے اس بیان پر وضاحت طلب کر لی ہے جس میں بنگلہ دیشی شائقین کے غیر ملکی پرچم سٹیڈیم میں لانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔بنگلہ دیشی حکام نے ملک میں جاری ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے دوران بنگلہ دیشی شہریوں پر پابندی لگائی ہے کہ وہ میچوں کے دوران غیر ملکی ٹیموں کے پرچم ساتھ نہ لائیں۔

آئی سی سی نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ وہ اس قانون کے بارے میں لاعلم تھی جس کا بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان میں ذکر کیا ہے۔تنظیم کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کا یہ بیان اس عمل کے بھی قطعاً برعکس ہے جس کے تحت آئی سی سی بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے ساتھ موجودہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فروغ اور مارکیٹنگ کے ضمن میں کام کرتی آئی ہے۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ کوئی بھی ایسا کام نہیں کرے گی جو کسی بھی ملکی قانون سے متصادم ہو لیکن وہ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے ذریعے صورتحال کی وضاحت ضرور چاہے گی۔

بنگلہ دیشی شائقین پر غیرملکی پرچم سٹیڈیم میں لانے پر پابندی کے اس فیصلے پر شائقین اور مبصرین نے حیرت کا اظہار کیا ہے اور اسے شائقین کو ان کی پسندیدگی کے حق سے محرومی کے مترادف کہا جارہا ہے۔ایشیا کپ کے دوران بنگلہ دیشی شہریوں کی بڑی تعداد پاکستان کے جھنڈوں سمیت سٹیڈیم میں موجود تھی جس پر ملک کے اندر کئی حلقوں کی جانب سے زبردست تنقید کی گئی تھی۔

مبصرین کا یہ کہنا ہے کہ آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے دوران بنگلہ دیشی بچے ہر میچ سے قبل سٹیڈیم میں شریک ٹیموں کے پرچم لے کر آتے ہیں تو کیا اب ان پر بھی یہ پابندی عائد کردی جائے گی؟مبصرین نے اس بات پر بھی حیرت ظاہر کی ہے کہ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے جس قانون کا ذکر کیا ہے اس کا خیال اسے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے آغاز سے قبل کیوں نہیں آیا؟خیال رہے کہ عالمی ایونٹ کی تشہیر تو کئی ماہ سے جاری ہے اور اس میں بنگلہ دیشی شہری تمام ٹیموں کے پرچموں کے ساتھ اس میں حصہ لیتے رہے ہیں۔

اس سے قبل بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر اسماعیل حیدر نے مقامی اخباروں کے نمائندوں کو بتایا تھا یہ فیصلہ صرف اور صرف سکیورٹی وجوہات کی بنا پر کیا گیا ہے۔بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ حالیہ میچوں کے دوران مقامی لوگوں کو غیر ملکی جھنڈے اٹھائے دیکھا گیا تھا جو کہ قومی پرچم کے بارے میں قواعد کی خلاف ورزی ہے۔انھوں نے کہا سٹیڈیم کے باہر تعینات سکیورٹی حکام کو واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ کسی بھی مقامی شخص کو غیر ملکی جھنڈے لے کر سٹیڈیم میں داخل ہونے کی اجازت نہ دی جائے۔

متعلقہ عنوان :