سینیٹ کی قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات کا اجلاس ، ایم ڈی ، پی ٹی وی کی تقرری ، خریدے گئے ڈراموں اور عارضی و مستقل بنیادوں پر تعیناتیوں ، سنیارٹی لسٹ میں بے قاعدگیوں وغیرہ کا تفصیلی جائزہ

جمعہ 28 مارچ 2014 07:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28مارچ۔ 2014ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس کمیٹی کے چیئر مین سینیٹر کامل علی آغا کی زیر صدارت پاکستان ٹیلی وژن کے ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں پی ٹی وی کے ایم ڈی کی تقرری ، پی ٹی وی کی جانب سے خریدے گئے ڈراموں اور دیگر دوسرے امور بشمول عارضی و مستقل بنیادوں پر کی گئی تعیناتیوں ، سنیارٹی لسٹ میں مبینہ بے قاعدگیوں وغیرہ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ پی ٹی وی ایک اہم قومی ادارہ ہے تاہم افسوس کی بات ہے کہ ادارے نے کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہیں کی۔ انہوں نے اس بات پر شدید افسوس کا اظہار کیا کہ کمیٹی کی سفارشات کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کو منافع بخش ادارہ بنانے کیلئے ضروری ہے کہ قواعدو ضوابط کے مطابق میرٹ پر پیشہ ورانہ صلاحیتیں رکھنے والے لوگوں کو بھرتی کیا جائے اور غیر ضروری تبادلوں اور پوسٹنگز سے گریز کیا جائے ۔

(جاری ہے)

چیئر مین کمیٹی اور اراکین نے نئے ایم ڈی محمد مالک کی تقرری کو خوش آئند قرار دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ نئے ایم ڈی پیشہ ورانہ انداز میں معاملات کو چلائیں گے اور میرٹ پر فیصلے کرینگے۔کمیٹی نے ڈاکٹر نعمان نیاز کی تقرری پر بھی تحفظات کا اظہار کیا اور وزارت اطلاعا ت اورایم ڈی پی ٹی وی کو ہدایت دیں کہ انکی تقرری قواعد کے مطابق نہیں ہوئی ۔

کمیٹی نے اس معاملے پر تفصیلی انکوائری کرانے کی بھی سفارش کی ۔کمیٹی نے پی ٹی وی کی جانب سے مہنگے داموں ایسے ڈرامے خریدنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا جنکا معیار ٹھیک نہیں تھا۔ کمیٹی نے تجویز دی کہ معیاری ڈراموں کو متعارف کرایا جائے۔قبل ازیں کمیٹی کو سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نزیدسعید اور ایم ڈی پی ٹی وی محمد مالک نے تفصیلی بریفنگ دی ۔

سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ ایم ڈی کی تقرری کیلئے شفاف عمل اختیار کیا گیا اور بتایا کہ کمیٹی نے بھی اس سلسلے میں ہدایات دیں تھیں۔ایم ڈی پی ٹی وی نے کہا کہ ادارے میں مختلف شعبوں میں کافی بہتری کی ضرورت ہے ۔ ادارہ کافی منافع کما سکتا ہے اگر معاملات کو صحیح انداز میں چلانے دیا جائے ۔ انہوں نے اس سلسلے میں قائمہ کمیٹی سے بھی رہنمائی کی درخواست کی محمد مالک نے بتایا کہ بطور ایم ڈی انکی یہ کوشش ہوگی کہ میرٹ پر فیصلے کئے جائیں اور کسی کے ساتھ زیادتی نہ ہو۔

انہوں نے بتایا کہ ٹریننگ اور مختلف شعبوں مین استعداد کار بڑھانے کیلئے لائحہ عمل ترتیب دیا گیا ہے ۔سینیٹر فرخت اللہ بابر نے Right to Informationبل کے حوالے سے کہا کہ اس سلسلے میں وزارت کو مناسب اقدامات کرنے چاہیں ۔کمیٹی نے سیکریٹری اطلاعات کو ہدایا ت دیں کہ اس بل کو جلد کابینہ کے ایجنڈے پر لاکر پارلیمنٹ میں لایا جائے۔ ایم ڈی پی ٹی وی نے چیئر مین کمیٹی اور اراکین کی سفارشات کو سراہا اور بطور ایم ڈی انکی تقرری پر اعتماد کا اظہار کرنے پر شکریہ ادا کیا۔آج کے اجلاس میں سینیٹرز ڈاکٹر سعیدہ اقبال ، فرحت اللہ بابر ، مسز فرخ عاقل ، شیرالہ ملک ، روبینہ خالد ، ظفر علی شاہ اور الماس پروین کے علاوہ وزارت اطلاعات کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :