کمالیہ، تیز رفتار بس گہری کھائی میں جا گری ، 6 مسافر جاں بحق ، 47 افراد زخمی

جمعہ 28 مارچ 2014 07:23

کمالیہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28مارچ۔ 2014ء) کمالیہ بائی پاس مل فیتانہ چوک کے نزدیک زائرین کی تیز رفتار بس بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ قلا بازیاں کھاتی ہوئی گہری کھائی میں جا گری ، 6 مسافر جاں بحق ، 47 افراد زخمی ، جن میں سے 5 کو تشویشناک حالت کے پیش نظر ریفر کر دیا گیا۔ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ۔ لوگ اپنی مدد آپ کے تحت لوگوں کو بس کے نیچے کے نکالتے رہے۔

تاہم ریسکیو 1122 اور دیگر ایمبولینسیں امدادی کاروائیوں میں مصروف رہیں۔ بس ڈرائیور جائے وقوعہ سے فرار ہوجانے میں کامیاب ہو گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سابق ایم این اے ریاض فیتانہ ، ڈی سی او ٹوبہ ٹیک سنگھ ڈاکٹر فرح مسعود جائے وقوعہ اور ہسپتال پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز ساہیوال کے رہائشی افراد دربار سخی سرور شریف سے حاضری کے بعد مختلف دیگر درباروں سے ہوتے ہوئے واپس آ رہے تھے کہ جب وہ کمالیہ بائی پاس مل فیتانہ چوک کے نزدیک پہنچے تو تیز رفتار بس نمبری LHJ-6775 بے قابو ہو کر قلا بازیاں کھاتی گہرے کھڈے میں جا گری جس کے نتیجہ میں اللہ یار، حاکم علی، محمد یونس، ظفر، محمد نواز، سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے ۔

(جاری ہے)

جبکہ خواتین بچوں سمیت صغراں بی بی، خدیجہ رانی ، محسن رضا، ذوالقرنین حیدر، محمد منشا، محمد ارشاد ، دستگیر ، عبد الرزاق، مختار حسین، عابد حسین، نواز، حاتم، منظور حسین، انور، شاہ زیب، غفور، شمس، صدیقاں بی بی بشیر احمد، سمیت 47 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ جنہیں لوگوں نے اپنی مدد آپ اور ریسکیو 1122کے ذریعے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کمالیہ پہنچایا جہاں پر ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ڈاکٹرز، نرسسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو بلا لیا گیا اور مریضوں کو فری ادویات فراہم کی گئیں۔

تاہم حالت تشویشناک ہونے پر نواز ولد حاتم ، منظور حسین ولد انور، شاہ زیب علی ولد غفور، شمس ، صدیقاں بی بی زوجہ بشیر ساکنان 183/9L کو حالت تشویشناک ہونے پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کمالیہ سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ ریفر کر دیا گیا۔ بس کے نیچے خواتین بچے کافی دیر تک پھنسے رہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سابق ایم این اے ریاض فتیانہ اور ڈی سی او ٹوبہ ٹیک سنگھ ڈاکٹر فرح مسعود نے جائے وقوعہ کے بعد تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کمالیہ گئے اور وہاں پر مریضوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر سابق ایم این اے ریاض فتیانہ کی جانب سے مریضوں کو کھانے پینے کی اشیاء بھی فراہم کی گئیں۔ حادثہ اوور لوڈنگ کی وجہ سے پیش آیا۔ تھانہ صدر پولیس کمالیہ نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

متعلقہ عنوان :