اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل نے مسلح ڈرونز کے استعمال بارے پاکستان کی پیش کردہ قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کرلی ، مسلح ڈرونز کے استعمال کے بارے رکن ممالک ا قوام متحدہ منشور، انسانی حقوق قانون اور بین الاقوامی انسانی ہمدردی قانون سمیت بین الاقوامی قانون بالخصوص امتیاز اور تناسب کے اصولوں کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی پاسداری کو یقینی بنائیں،ڈرونز کا استعمال مخصو ص حالات اور مناسب انداز میں ہونا چاہیئے ،ڈرونز سفارشات مرتب کرنے کے لئے قانونی ماہرین سے مشاورت کی جائے،قرارداد

ہفتہ 29 مارچ 2014 07:17

اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبار آن لائن۔29مارچ۔ 2014ء ) اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل نے ڈرونز کے استعمال کے بارے میں پاکستان کی پیش کردہ قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کرلی ہے۔ قرارداد میں زور دیا گیا ہے کہ رکن ممالک مسلح ڈرونز کے استعمال کے حوالے سے اقوام متحدہ منشور، انسانی حقوق قانون اور بین الاقوامی انسانی ہمدردی قانون سمیت بین الاقوامی قانون بالخصوص امتیاز اور تناسب کے اصولوں کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی پاسداری کو یقینی بنائیں، ڈرونز کا استعمال مخصو ص حالات اور مناسب انداز میں ہونا چاہیئے ،ڈرونز سفارشات مرتب کرنے کے لئے قانونی ماہرین سے مشاورت کی جائے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق قرارداد میں اس مسئلہ کے حوالے سے قانونی سوالات پر ماہرین کے باہمی پینل مباحثہ منعقد کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے جیسا کہ دہشت گردی کا انسداد کرتے ہوئے انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے بارے میں اقوام متحدہ خصوصی رابطہ کار بین ایمرسن کی رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

پینل مباحثہ ستمبر 2014ء میں جنیوا میں منعقد ہونے والے انسانی حقوق کونسل کے 27 ویں اجلاس میں ہوگا۔

یہ قرارداد اقوام متحدہ میں اس اہم قانونی معاملہ پر بین الاقوامی برادری کو احساس دلانے کے لئے ہمارے مشن کے ہم خیال ریاستوں کے ساتھ قریبی رابطہ کا نتیجہ ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اقوام متحدہ سمیت تمام متعلقہ بین الاقوامی فورموں پر یہ مسئلہ مسلسل اٹھاتا رہا ہے۔ نومبر 2013ء میں پاکستان میں ڈرونز کے استعمال کے بارے میں حوالہ جات کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی قرارداد میں کامیابی سے شامل کروایا تھا جس میں رکن ممالک کو بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لئے زور دیا گیا تھا۔

دیگر اقوام متحدہ اداروں جہاں پاکستان نے اپنی اس تشویش کا اظہار کیا ہے ان میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، تخفیف اسلحہ اور بین الاقوامی سلامتی امور سے متعلق اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی کمیٹیاں اور مخصوص روائتی ہتھیاروں کے استعمال کے بارے میں امتناع یا پابندیوں سے متعلق کنونشن شامل ہیں۔ اس قرارداد کی منظوری بین الاقوامی قوانین کے خلاف مسلح ڈرونز کے استعمال کے بارے میں پاکستان کے اصولی موقف کے لئے بین الاقوامی حمایت کے حصول کے ضمن میں اس کی سفارتی کامیابی کو اجاگر کرتی ہے۔ اس سے ڈرونز کے مسئلہ کو حل کرنے کے لئے پاکستان کی کوششوں کو مزید تقویت حاصل ہوگی۔