ایکنک نے 4ہزار 320میگا واٹ کے داسو، 34.5میگا واٹ ہارپو پن بجلی منصوبوں کی منظوری دیدی ،داسومنصوبے پر 486ارب روپے لاگت آئے گی،پہلا مرحلہ پانچ سال میں مکمل ہوگا جس سے 21سومیگا واٹ بجلی پیدا ہوگی، توانائی سماجی و معاشی ترقی کیلئے ناگزیر ہے ،کم قیمت پن بجلی منصوبے منصوبوں پر توجہ دی جارہی ہے؛وزیر خزانہ اسحاق ڈار

ہفتہ 29 مارچ 2014 07:18

اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبار آن لائن۔29مارچ۔ 2014ء)قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی(ایکنک)نے 4ہزار 320میگا واٹ کے داسو پن بجلی منصوبے کی منظوری دیدی ہے جس پر 486ارب روپے لاگت آئے گی،منصوبے کا پہلا مرحلہ پانچ سال میں مکمل ہوگا جس سے 21سومیگا واٹ بجلی پیدا ہوگی،جبکہ 34.5میگا واٹ کے ہارپو پن بجلی منصوبے کیلئے ساڑھے نوارب روپے کی منظوری بھی دیدی گئی ہے۔

جمعے کو وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کااجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہواجس میں مختلف منصوبوں کے حوالے سے غور کیا گیا ۔ ایکنک نے داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے متعلق وزارت منصوبہ بندی و ترقی و اصلاحات کی سمری کی منظوری دی جس پر 486ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جس میں 218 ارب روپے بیرونی ملکوں سے حاصل ہوں گے۔

(جاری ہے)

داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے دو مرحلوں میں 4ہزار 320میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی جبکہ یہ منصوبہ دریائے سندھ پر تعمیر کیا جائیگا ۔پہلا مرحلہ پانچ سال میں مکمل ہوگا جس سے 2160میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی ،منصوبے میں زمین کی خریداری ، دفا تر کی تعمیر ، کالونیوں اورروڈز تعمیر کرنے اور دیگر مراحل کیلئے رقم رکھی گئی ہے۔ایکنک نے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی جس میں وزارت منصوبہ بندی پانی و بجلی خزانہ و اپڈا اور خیبر پختونخواہ کا نمائندہ شامل ہے یہ کمیٹی زمین کی خریداری کے مرحلے کو مانیٹر کرے گی۔

یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس منصوبے کیلئے متعلقہ حکام سے این او سی جلد از جلد حاصل کرلیا جائے گا ۔اجلاس میں ایکنک نے 34.5میگا واٹ کے ہارپو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے 9ارب50کروڑ روپے کی منظوری بھی دی، یہ منصوبہ سکردو میں چار سال میں مکمل ہوگا، اس منصوبے کو فرانس اور جرمنی کے اداروں نے سات کروڑ یورو قرضہ بھی دیا ہے ،باقی رقم واپڈا کے وسائل سے حاصل کی جائے گی ۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اس موقع پر کہا کہ توانائی سوشل ڈویلپمنٹ اور معاشی بہتری کیلئے بنیادی چیز ہے ہائیڈرو پاور پراجیکٹ منصوبے کم قیمت اور بہتر ماحول بجلی پیدا کرنے کا ذریعہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مسلم لیگ (ن) ویژن کے مطابق عوام کے فلاح وبہبود کیلئے قدرتی وسائل استعمال کرے گی ۔ اجلاس میں خواجہ آصف ،پرویز رشید ، احسن اقبال ، غلام مرتضیٰ جتوئی ، انوشہ رحمان ، جام کمال خان ، محمد زبیر ، وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر خزانہ سید مراد علی شاہ سمیت دیگر حکام نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :