ایران پر عائد عالمی پابندیوں کے باعث گیس پائپ لائن مکمل نہیں کیا جا سکتا،منصوبے سے گیس کا حصول ایران کیخلاف عالمی پابندیاں ختم ہونے سے مشروط ہے ،وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی،ایل این جی ٹرمینل اس سال نومبرتک فعال ہو جائے گا،قطر کے ساتھ گیس کی قیمت پر تاحال بات چیت نہیں ہوئی،قومی اسمبلی سے خطاب

ہفتہ 29 مارچ 2014 07:20

اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبار آن لائن۔29مارچ۔ 2014ء)وفاقی وزیرِ پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقات عباسی نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ ایران پر عائد عالمی پابندیوں کے باعث پاک ایران گیس پائپ لائن مکمل نہیں کیا جا سکتا،منصوبے کی تکمیل کے بعد گیس کا حصول ایران کیخلاف عالمی پابندیاں ختم ہونے سے مشروط ہے ،ایل این جی ٹرمینل کا کام شروع ہوا اس سال کے 25 نومبرتک فعال ہو جائے گاتاہم قطر کے ساتھ گیس کی قیمت پر تاحال بات چیت نہیں ہوئی۔

جمعہ کو قومی ا سمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران رکن اسمبلی نعیمہ کشور خان کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری راجہ جاوید اخلاص نے ایوان کو بتایا کہ واہ فیکٹری کے علاوہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں اسلحہ ساز فیکٹری کا لائسنس جاری نہیں کیا گیا ہے،اگر کوئی غیر قانونی اسلحہ بنا رہاہے تو حکومت کو اس کا علم نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب کو اسلحہ بیچنے کا کوئی معاملہ زیر غور نہیں ہے ۔

۔انہوں نے بتایا کہ کراچی اور ملک بھر میں غیر قانونی اسلحہ کی بھر مار ہے، کسی کوممنوع اسلحہ لائسنس کی اجازت نہیں دی گئی ۔رکن اسمبلی طاہر بخاری کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری شہزادی عمر زادی نے کہا کہ توقع ہے کہ ایل این جی کا حصول رواں سال کے آخر تک شروع ہو جائے گی ،اس وقت وزارت قطر کے ساتھ ایل این جی کے حصول کے ضمن میں لاگت پر بات چیت کررہی ہے جبکہ ایل این جی کی قیمت پر ابھی تک کوئی بات چیت نہیں ہوئی ۔

انہوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت نے نئے سی این جی سٹیشن تعمیرات کے لائسنس کا اجراء نہیں کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے ایوان کو بتایا کہ ایل این جی ٹرمینل کا کام شروع ہو گیا ہے،ٹرمینل اس سال کے 25 نومبرتک فعال ہو جائے گا۔قطر کے ساتھ قیمت میں تاحال بات چیت نہیں ہوئی ۔رکن اسمبلی شازیہ مری کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر شاہد خاقان نے کہا کہ پاک ایران پائپ لائن پر مزید عملدرآمد نہیں ہو رہا کیونکہ ایران پرعالمی پابندیاں ہیں،اسکے باوجود اگر پاکستان منصوبہ مکمل کر بھی لے تو بھی ایران پر عائد عالمی پابندیاں ختم ہونے تک گیس حاصل نہیں کر سکتا ۔

ماضی کی حکومتوں نے بھی اس پر عملدرآمد نہیں کیا ۔رکن اسمبلی عبد المنان کے سوال جواب میں وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ باہر سے ایل این جی منگوانے سے پٹرولیم کی قیمت سے کم ہوگی ۔رکن اسمبلی نگہت پروین کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری چوہدری جعفر اقبال نے ایوان کو بتایا کہ سپریم کورٹ نے ملک بھر کے کنٹونمنٹ کے الیکشن کیلئے پانچ ماہ کا وقت دیاہے او ریہ انتخابات اس مدت میں ہو جائیں گے۔

رکن اسمبلی خالدہ منصور کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ گزشتہ عام انتخابات میں سپریم کورٹ نے حکم دیاتھا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ دینے کا حق دیا جائے، اس بارے اب بل سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف میں زیر بحث ہے، اس کی رپورٹ کے مطابق مزید پیش رفت ہوگی ۔الیکشن کمیشن اور بیرون ممالک میں سفارتخانہ کو طریقہ کار کے بارے میں بھی آگاہ کر دیاگیاہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت چاہتی ہے کہ2018 ء میں سمندر پارپاکستانیوں کو ووٹ کا حق مل سکے ۔رکنِ اسمبلی خالدہ منصور کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ موٹروے کے آس پاس کی زمین پر قبضہ نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حکومت نے ہائی ویز کا جال بچھانا ہے ۔رکن اسمبلی پرویز مسعود بھٹی کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ جس صوبے سے شاہراہیں گزرتی ہیں وہاں کوئی قبضہ ہے تو صوبائی انتظامیہ قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کرے۔

موٹروے پولیس کوقبضہ چھڑانے کے اختیارات نہیں ہیں اس کے لئے قانون سازی کررہے ہیں۔رکن اسمبلی خلیل جارج کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری شہزادی عمر زادی ٹوانہ نے بتایا کہ اس وقت ملک بھر میں 17 آئل کمپنیاں کام کررہی ہیں،بلوچستان میں آئل مارکیٹنگ کا کوئی دفتر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ایران سے پٹرول کی سمگلنگ ہو رہی ہے ۔رکن اسمبلی شکیلہ لقمان کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے بتایا کہ ملک بھر میں سڑکیں بننے کا عمل پورے ملک میں جاری ہے۔