سعو دی عر ب کا مسجد حرام میں 4000 افراد کو روزگار فراہم کر نے کا فیصلہ

ہفتہ 29 مارچ 2014 07:27

مکہ مکرمہ(اُردوپوائنٹ اخبار آن لائن۔29مارچ۔ 2014ء)سعو دی عر ب نے مسجد حرام کے توسیعی منصوبے میں 4000 افراد کوروزگار فراہم کر نے کا فیصلہ کر لیا امیر مکہ معظمہ شہزادہ مشعل بن عبداللہ بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ مسجد حرام کے توسیعی منصوبے کی تکمیل کے ساتھ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں۔ حکومت جلد ہی مسجد حرام میں چار ہزار سعودی نوجوانوں کو نوکریاں فراہم کرے گی۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق امیر شہر شہزادہ مشعل نے مکہ مکرمہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ توسیعِ حرم منصوبہ مجوزہ پلان کے مطابق جاری ہے۔ منصوبے کی تکمیل کے ساتھ ہی حرم شریف میں مزید روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں۔ وزارت خزانہ مسجد حرام میں شہریوں کو روزگار کی فراہمی کی تجاویز پر غور کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ زیادہ تر خالی آسامیاں مسجد کی صفائی اور اس کی حفاظت کے شعبے میں ہوں گی۔

خیال رہے کہ سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی جانب سے مسجد حرام کی توسیع کا منصوبہ پچھلے دو سال سے رو بہ عمل ہے۔ توسیعی منصوبے میں مسجد کو شمالی سمت میں مزید چار لاکھ مربع میٹر وسعت دی جا رہی ہے۔ رش کم کرنے اور زائرین کو محفوظ بنانے کے لیے مسجد کی بیرونی گیلریوں کی کشادگی، عمارتوں کی توسیع اور ان کی تعداد میں اضافہ کے ساتھ حجاج ومعتمرین کے لیے مناسک کی ادائی آسان بنانے کیلیے حرم کے گرد و پیش میں پْلوں کی تعمیر بھی توسیعی منصوبے میں شامل ہے۔