اقوامِ متحدہ نے کرائمیا کے ریفرینڈم کو غیرقانونی قرار دینے کی قرارداد منظور کر لی ، قرارداد کے حق میں ایک سو ووٹ مخالفت میں 11 جبکہ 58 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا

ہفتہ 29 مارچ 2014 07:15

نیو یا رک(اُردوپوائنٹ اخبار آن لائن۔29مارچ۔ 2014ء) اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے کرائمیا میں ہونے والے اس ریفرینڈم کو غیرقانونی قرار دینے کی قرارداد منظور کر لی ہے جس میں کرائمیا کے روس سے الحاق کی منظوری دی گئی تھی۔ غیر ملکی خبر رسا ں ادارے کے مطا بق جنرل اسمبلی میں پیش کی جانے والی قرارداد کے حق میں ایک سو ممالک نے ووٹ دیا جبکہ اس کی مخالفت میں 11 ووٹ آئے جبکہ 58 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

(جاری ہے)

ووٹنگ کے بعد یوکرین کے وزیرِ خارجہ آندرے ڈیشچتسیا نے کہا کہ ’دنیا کے تمام کونوں سے یہ حمایت ملی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ کوئی علاقائی نہیں بلکہ عالمی معاملہ ہے۔‘تاہم اقوامِ متحدہ میں روس کے مندوب ویٹالی چورکن کا کہنا تھا کہ ’یہ حقیقت کہ جنرل اسمبلی کے تقریباً نصف ارکان نے اس قرارداد کی حمایت نہیں کی، بہت حوصلہ افزا رجحان ہے اور میرے خیال میں یہ رجحان مضبوط سے مضبوط تر ہوتا جائے گا۔‘ تا ہم بی بی سی کا کہنا ہے کہ چونکہ اس قرارداد کے نتائج پر عملدرآمد لازمی نہیں اس لیے اس کی حیثیت علامتی ہی ہے لیکن یوکرین کو امید ہے کہ یہ قرارداد ایک رکاوٹ کا کام کرے گی اور روس کو اس کے مزید علاقوں میں دخل اندازی سے روکے گی۔

متعلقہ عنوان :