اسحاق ڈار سے سکندر حیات بوسن کی ملاقات ،ملک میں فصلوں کی صورتحال اور وفاقی زرعی کونسل کے اجلاس کی تفصیلات سے آگاہ کیا، وزارت قومی غذائی تحفظ کو یہ بات یقینی بنانی چاہیے کہ طلب سے رسد زیادہ ہو، ، ملکی مارکیٹ میں آلو کی قیمتیں نہیں بڑھیں، وزارت کو قیمتیں مستحکم رکھنے کے لئے صوبوں کے ساتھ مل کر فعال کردار ادا کرنا چاہیے ،وزیر خزانہ

ہفتہ 29 مارچ 2014 07:10

اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبار آن لائن۔29مارچ۔ 2014ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزارت قومی غذائی تحفظ کو یہ بات یقینی بنانی چاہیے کہ طلب سے رسد زیادہ ہو، ، ملکی مارکیٹ میں آلو کی قیمتیں نہیں بڑھیں، وزارت کو قیمتیں مستحکم رکھنے کے لئے صوبوں کے ساتھ مل کر فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے نیشنل فوڈ سیکورٹی کے وفاقی وزیر سکندر حیات بوسن سے ملاقات کے دوران کیا ۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی نے ملک میں فصلوں کی صورتحال اور وفاقی زرعی کونسل کے اجلاس کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ چار سال کے وقفے کے بعد یہ اجلاس منعقد کیا گیا جس میں چاروں صوبوں گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گندم کی آئندہ فصل کو ہدف سے زیادہ ہونے کی توقع ہے، چاروں صوبوں نے اس سال 25 ملین ٹن سے زائد پیداوار حاصل ہونے کی تصدیق کی ہے۔

اس سال اچھی فصل ہونے کے باعث اضافی گندم حاصل ہونے کی توقع ہے۔ آلو کی فصل کے حوالے سے وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ نے بتایا کہ اس سال 27 لاکھ ٹن سے زائد کی پیداوار حاصل ہونے کی توقع ہے۔ ملک میں آلو کی مجموعی کھپت 17 لاکھ ٹن ہے اس طرح اس سال ملک میں 10 لاکھ ٹن زائد آلو کی پیداوار حاصل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں کے حالیہ سلسلے کی وجہ سے خریف سیزن کے لئے کافی پانی دستیاب ہو گا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر سینیٹر اسحق ڈار نے کہا کہ وزارت قومی غذائی تحفظ کو یہ بات یقینی بنانی چاہیے کہ طلب سے رسد زیادہ ہو، ملکی مارکیٹ میں آلو کی قیمتیں نہیں بڑھیں۔ وزارت کو قیمتیں مستحکم رکھنے کے لئے صوبوں کے ساتھ مل کر فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایڈجسٹمنٹ کا اثر ٹرانسپورٹیشن کی لاگت میں کمی کے ذریعے صارفین تک منتقل ہونا چاہیے۔ انہوں نے وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی کو ہدایت کی کہ گنے کے کاشتکاروں کو شوگر ملوں سے ادائیگیاں یقینی بنائی جائیں۔ انہوں نے قومی زرعی پالیسی جلد تشکیل کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ملک کو خوراک میں خود کفیل بنانے کے لئے پانی اور زمین جیسے قدرتی وسائل سے بھرپور طریقے سے استفادہ کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :