ٹریفک وارڈن کوتشددکانشانہ بنانے کے الزام میں گرفتار پنجاب اسمبلی کے سیکرٹری رائے ممتاز کے بیٹے وبھتیجے کی درخواست ضمانت منظور،ملزمان کوپچاس پچاس ہزارکے مچلکے داخل کروانے کاحکم جاری ،سیکرٹری پنجاب اسمبلی کو منصب سے ہٹا کر او ایس ڈی بنا دیا گیا

ہفتہ 29 مارچ 2014 07:10

لاہور(اُردوپوائنٹ اخبار آن لائن۔29مارچ۔ 2014ء)جوڈیشل مجسٹریٹ نے ٹریفک وارڈن کوتشددکانشانہ بنانے کے الزام میں گرفتار پنجاب اسمبلی کے سیکرٹری رائے ممتاز کے بیٹے وبھتیجے کی درخواست ضمانت منظورکرتے ہوئے ملزمان کوپچاس پچاس ہزارکے مچلکے داخل کروانے کاحکم جاری کردیا۔استغاثہ کے مطابق ملزمان رائے فضل اور رائے نجف پرالزام تھا کہ ٹریفک وارڈن شاہدنے لٹن روڈ کے علاقہ میں ون وے کی خلاف ورزی کرنے پر روکا جس پران کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی اوردونوں نے وارڈن کوتشددکانشانہ بناناشروع کردیاجس سے وارڈن کی وردی پھٹ گئی اور معمولی ضربیں بھی آئی اس دوران ملزمان کوپکڑکرپولیس کے حوالے کردیاگیاپولیس تھانہ لٹن روڈ نے دونوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا اور گزشتہ روزانہیں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیاجہاں ملزمان کے وکیل کی طرف سے دائردرخواست ضمانت پرمجسٹریٹ نے وکلاء دلائل کے بعد دونوں کی ضمانتیں پچاس پچاس ہزارکے مچلکوں پرمنظورکرلی ۔

(جاری ہے)

ادھروارڈن پر تشدد کے واقعے پر سیکرٹری پنجاب اسمبلی کو منصب سے ہٹا کر او ایس ڈی بنا دیا گیا‘ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ کو پیش کی گئی ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹریفک وارڈن پر تشدد کے وقت سیکرٹری اسمبلی بھی موقع پر موجود تھے۔ سیکرٹری اسمبلی کے موقع پر پہنچنے کے بعد تلخ کلامی سے بات ہاتھا پائی تک پہنچی۔ سیکرٹری پنجاب اسمبلی کے آمد سے قبل رائے ممتاز کے بیٹوں اور وارڈن میں تلخ کلامی جاری تھی۔

فوٹیج اور عینی شاہدین کے بیانات کی روشنی میں وزیر اعلٰی نے سیکرٹری اسمبلی کی تبدیلی کے احکامات دیے۔ وزیر اعلیٰ کے احکامات پر اسپیکر پنجاب اسمبلی نے سیکرٹری پنجاب اسمبلی رائے ممتاز کو انکے منصب سے ہٹا کر او ایس ڈی بنا دیا۔ جس کا پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے نوٹی فیکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔