اسلام آباد،چیئرمین پی ٹی آئی کے ترجمان کی ڈاکٹر شیریں مزاری سے منسوب غلط اطلاعات کی سختی سے تردید ،میڈیا کے ایک مخصوص ادارے کی جانب سے شائع کی جانے والی خبریں انتہائی ناقص اور غلط معلومات پر مبنی ہیں جنہیں واضح طور پر مسترد کر تے ہیں،نعیم الحق

ہفتہ 29 مارچ 2014 07:12

اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبار آن لائن۔29مارچ۔ 2014ء)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری سے منسوب غلط اطلاعات کی سختی سے تردید کی ہے۔ اسلام آباد سے جاری بیان میں ان کا کہنا ہے کہ میڈیا کہ ایک مخصوص ادارے کی جانب سے شائع کی جانے والی خبریں انتہائی ناقص اور غلط معلومات پر مبنی ہیں جنہیں واضح طور پر مسترد کر تے ہیں۔

تحریک انصاف ملک کی سب سے منظم جماعت ہے اور اس میں شامل ہر کارکن اور رہنما ڈسپلن کا پابند ہے،کسی بھی صحافی یا صحافتی ادارے کی جانب سے صحافتی اخلاقیات کو پس پشت ڈال کر خود ساختہ معلومات اور ناقص حقائق پر مبنی خبروں کی اشاعت قابل مذمت ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری انتہائی قابل اور زیرک رہنما ہیں اور پارٹی کا اثاثہ ہیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین تحریک انصاف سمیت پارٹی کی قیادت اور کارکنان ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں اور ملک میں تبدیلی کیلئے ان کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ وہ اپنی ذمہ داریاں انتہائی جانفشانی اور لگن سے سرانجام دے رہی ہیں۔ ان کو ہٹائے جانے کا نا کوئی فیصلہ کیا گیا ہے اور نہ ہی ایسی کوئی تجویز زیر غور ہے چنانچے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ مذکورہ صحافتی ادارہ/اخبارہمارے اس موقف کو نمایاں مقام پر شائع کرے اور مذکورہ خبر نگار سے غلط اطلاعات پر مبنی خبر کی اشاعت پر وضاحت طلب کرے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اشاعت سے قبل حقائق کی اچھی طرح جانچ پڑتال ہر صحافی کا بنیادی فرض ہے۔ اس حوالے سے کسی بھی قسم کی اطلاعات کی تصدیق یا تردید کیلئے مجھ سمیت پارٹی کے مرکزی میڈیا سیل سے رابطہ کیا جا سکتا تھا مگر یوں محسوس ہوتا ہے کہ ایسا کرنے سے خاص مقاصد کے پیش نظر گریز کیا گیا۔