ٹی ٹونٹی ورلڈکپ ، بھارت نے میزبان بنگلہ دیش کو8وکٹوں سے آسانی سے شکست دیدی،سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دیدی ،کینگروز کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات ختم ، گیل اور کپتان ڈیری سیمی کی جارحانہ بیٹنگ ،ویسٹ انڈیز نے مطلوبہ ہدف آخری اوورز میں حاصل کیا

ہفتہ 29 مارچ 2014 07:08

ڈھاکہ(اُردوپوائنٹ اخبار آن لائن۔29مارچ۔ 2014ء)ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں بھارت نے میزبان بنگلہ دیش کو8وکٹوں سے آسانی سے شکست دے کرسیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔بنگلہ دیش کومسلسل تیسرے میچ میں شکست کاسامناکرناپڑا۔ڈھاکہ میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارت کے کپتان مہندرسنگھ دھونی نے ٹاس جیت کرپہلے بنگلہ دیش کوبیٹنگ کرنے کی دعوت دی ،بنگلہ دیش کی طرف سے انعام الحق اورتمیم اقبال نے اننگزکاآغازکیا۔

بنگلہ دیش کے ابتدائی 3کھلاڑی جلدآوٴٹ ہوگئے ۔اس کے بعدانعام الحق اورکپتان مشفق الرحیم بھی اچھی پارٹنرشپ ہوئی اورٹیم کوتباہی سے بچایا۔مشفق الرحمن 26رنزبناکرآوٴٹ ہوئے ،انعام الحق بھی 44رنزبناکرآوٴٹ ہوگئے ۔محموداللہ نے 33رنزناٹ آوٴٹ بنائے ،بنگلہ دیش نے 7وکٹوں کے نقصان پر138رنزبنائے ۔

(جاری ہے)

بھارت کی طرف سے اجیت مشرنے 3اورایشون نے 2کھلاڑیوں کوآوٴٹ کیا۔

بھارت نے 139کاہداف باآسانی 2وکٹوں کے نقصان پرپوراکرلیا۔بھارت کی طرف سے رویت شرمانے 56اورویرات کوہلی نے 57رنزبنائے ۔کپتان ایم ایس دھونی نے 22رنزبنائے ۔بھارت نے 2وکٹوں کے نقصان پرمطلوبہ ہدف پوراکرلیا۔بھارت مسلسل تین میچ جیت کرسیمی فائنل میں پہنچ گیاہے ایشون کومین آف دی میچ کاایوارڈدیاگیا۔ادھرورلڈ کپ ٹی 20 کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد چھ وکٹوں سے شکست دیکر کینگروز کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات ختم کردیئے،گیل اور کپتان ڈیرن سیمی کی طوفانی اننگز،فتح سے ویسٹ انڈیز اپنے پول میں چارپوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر آگیا ، سیمی کو شاندار پرفارمنس پر مین آف دی میچ دیا گیا ۔

ڈھاکہ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 4وکٹوں کے نقصان پر 178رنز بنائے ۔ آسٹریلیا کی طرف سے میکسوئل نے شاندار 45رنز بنائے جبکہ ہوگ 35اور وارنر 20رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے نارائن اور بدری ناتھ نے 2,2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ 178رنز کے جواب میں ویسٹ انڈیز نے مطلوبہ ہدف دلچسپ مقابلے کے بعد آخری اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا ۔

کرس گیل نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹی 20میں اپنی گیارہویں نصف سنچری مکمل کی اور53رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ،ڈوائن براؤ نے 27رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان ڈیرن سیمی نے 13گیندوں پر 34رنز بنائے جس میں آسٹریلوی باؤلر فولکنر کو آخری اوورز میں دو چھکے بھی شامل تھے شاندار کارکردگی پر ڈیرن سیمی کو مین آف دی میچ دیا گیا آسٹریلیا کی طرف سے فولکنر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ اس فتح سے ویسٹ انڈیز اپنے گروپ میں چار پوائنٹ حاصل کرکے پہلے نمبر پر آگیا آسٹریلیا کو پہلے میچ میں پاکستان اور دوسرے میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست سے دو چار ہونا پڑا ۔