افغانستان ،طالبان کا کابل میں الیکشن کمیشن پر حملہ

اتوار 30 مارچ 2014 07:05

کابل (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30مارچ۔ 2014ء)افغانستان کے دارالحکومت کابل میں جلا ل آباد روڈ پر واقع الیکشن کمیشن کے دفتر پر حملہ کیاگیا ہے۔ چار حملہ آور نے الیکشن کمیشن کے قریب ایک عمارت سے فائرنگ کی ۔بی بی سی سے بات کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے ترجمان نور محمد نور نے تصدیق کی ہے کہ حملہ جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا ’ہمارے عملے کے کسی فرد کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، ہمیں گزشتہ تین ماہ سے دھمکیاں مل رہی تھیں جس کی وجہ سے ہم نے سکیورٹی کے انتظامات سخت کر رکھے ہیں۔

‘یاد رہے کہ کابل میں ایک روز قبل ہی ایک امریکی خیراتی ادارے کے زیرِ استعمال گیسٹ ہاوٴس پر حملہ پانچ افراد نے حملہ کیا جس میں پانچوں حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا۔ حکام کا کہنا تھا کہ اس کارروائی کے دوران ایک کمسن افغان بچی بھی اس وقت ہلاک ہوئی ہے جب ایک خودکش حملہ آور نے مہمان خانے کے دروازے پر گاڑی میں دھماکہ کیا۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے ترجمان محمد نور نے بتایا کہ انتخابات سے متعلق حساس مواد پہلے ہی صوبوں کو بھجوا دیا گیا ہے جس کی وجہ سے مواد کو نقصان پہنچنے کا کوئی خطرہ نہیں۔

سرکاری اہلکار کے مطابق پہلے ایک خود کش حملہ آور نے الیکشن کمیشن سے تین سو میٹر دور واقع ایک عمارت پر حملہ کیا جس کے بعد باقی حملہ آور عمارت میں داخل ہوگئے اور الیکشن کمیشن کے دفتر پر فائرنگ شروع کر دی۔افغانستان کی وزرات داخلہ نے بھی حملے کی تصدیق کی ہے۔طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ وہ پر امن صدارتی انتخابات نہیں ہونے دیں گے۔

جلاآباد روڈ اس سے پہلے بھی کئی بار حملے ہو چکے ہیں۔ یہ حملہ ایسے وقت کیا گیا جب الیکشن کمیشن کے اہلکار صدارتی انتخابات کے لیے سکیورٹی سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس کر رہے تھے۔افغانستان میں صدارتی انتخابات جیسے جیسے قریب آ رہے ہیں ویسے ہی پرتشدد واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ افغانستان میں صدارتی انتخابات میں چھ دن رہ گئے ہیں۔