ویمن ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ، پاکستانی ٹیم نے ناکامیوں کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی،آسٹریلیا نے بھی 94رنز سے شکست دے دی،قومی ٹیم کے سیمی فائنلز میں پہنچنے کے امکانات بھی ختم،جنوبی افریقہ نے آئرلینڈ کو 86رنز سے شکست

اتوار 30 مارچ 2014 06:58

ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30مارچ۔ 2014ء)ویمن ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم نے ناکامیوں کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی،آسٹریلیا نے94رنز سے پاکستان کو شکست دے دی، جس کے بعد قومی ٹیم کے سیمی فائنلز میں پہنچنے کے امکانات بھی ختم ہو گئے ہیں ۔ہفتہ کو ویمن ورلڈ کپ ٹی ٹونٹی کے میچ میں آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20اوور میں2وکٹوں کے نقصان پر186رنز بنائے ،ویلانی 90 اور لیننگ 50رنز کے ساتھ نمایاں رہیں،پاکستان کی اسماویر اقبال اور ثانیہ خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی،186رنز کے جواب میں پاکستان کی ٹیم20اوور میں9وکٹوں پر91رنز بنا سکی اور آسٹریلیا نے میچ بآسانی90رنز سے جیت لیا،بسمہ معروف28اور جویریہ خان 27رنز کے ساتھ نمایاں رہیں،اس کے علاوہ پاکستان کی کوئی بھی کھلاڑی 6سے زائد رنز نہ بناسکی،آسٹریلیا کی کوئٹے اور پیرے نے3,3جوناسین نے2وکٹیں حاصل کیں،میچ میں بہترین کارکردگی پر ویلانی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

(جاری ہے)

قومی ویمن ٹیم کی ٹی 20ورلڈ کپ میں یہ مسلسل تیسری شکست تھی اس طرح ان کے سیمی فائنلز میں پہنچے کے امکانات بھی ختم ہو گئے ہیں ۔ وویمنز ورلڈ کپ ٹی 20 گروپ اے کے میچ میں ساؤتھ افریقہ وویمنز نے آئرلینڈ وویمنز کو 86رنز سے شکست دیدی ،ساؤتھ افریقہ کے 165رنز کے جواب میں پوری آئرلینڈ وویمنز ٹیم 79رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، میچ میں بہترین کارکردگی پر وینرائیک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔

ساؤتھ افریقن وویمنز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرز لی اور وینرائیک نے شاندار57رنز کی پارٹنر شپ کی ۔ لی 43اور وینکارئیک 25رنز بنا کر نمایاں رہیں جبکہ کپتان ڈی پوریز نے 14،کیپ 18اور ٹریون 35رنز بنا کر نمایاں رہیں ۔ آئرلینڈ وویمنز کی طرف سے کنیلے ،جوائزاور رچرڈسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی 165رنز کے جواب میں پوری آئرلینڈ وویمنز ٹیم 15.1اوور میں 79رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی ۔

آئرلینڈ کی طرف سے ویلڈرون 33،جوائز 15،سکاٹ ہاورڈ 14رنز بنا کرنمایاں رہیں باقی کوئی آئرلینڈ وویمنز کی کھلاڑی ڈبل فیگر کراس نہ کرسکی ۔ ساؤتھ افریقہ کی طرف سے اسماعیل اور وینرائیک نے تین ، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ لیٹسالو نے دو وکٹیں حاصل کیں وینرائیک کو شاندار پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔