طالبان کی جنگ بندی کے بعد تشدد کی کارروائیوں میں ملوث تنظیموں کا سراغ لگا لیا گیا،اسلام آباد کچہری حملہ کے ملزمان کا سراغ بھی طالبان کی مدد سے لگایا گیا ہے،ذرائع، مذاکراتی کمیٹیوں کا مذاکرات کے عمل سے میڈیا کو بدستور دور رکھنے پر بھی اتفاق

پیر 31 مارچ 2014 06:38

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31مارچ۔ 2014ء )حکومت نے طالبان کی مدد سے ان غیر معروف عسکری تنظیموں کا سراغ لگالیا ہے جو طالبان کی طرف سے جنگ بندی کے اعلان کے بعد تشدد کی مختلف کارروائیوں میں ملوث رہی ہیں جن میں اسلام آباد کچہری کا حملہ کا واقعہ سرفہرست ہے جبکہ حکومت اور طالبان کی مذاکراتی کمیٹیوں نے مذاکرات کے عمل سے میڈیا کو بدستور دور رکھنے پر بھی اتفاق کیا ہے اور اس حوالہ سے اب تک کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔

حکومت اور طالبان مذاکراتی کمیٹیوں کے گزشتہ روز کے اجلاس میں گزشتہ مذاکرات میں ہونیوالی پیشرفت اور آئندہ کیلئے ایجنڈے کا جائزہ لیا گیا ۔ ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ دونوں مشترکہ کمیٹیوں کی صدارت وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کی ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے مزید بتایا کہ بڑھتے ہوئے مذاکرات میں مزید خیر سگالی کے طورپر عسکریت میں ملوث لوگوں کی رہائی مذاکرات کی کامیابی کے بعد ممکن ہوگی ۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ دونوں کمیٹیوں کے رہنما میڈیا سے دور رہیں گے کیونکہ میڈیا میں بعض چیزیں غلط شائع ہوجاتی ہیں جس سے مذاکرات پر مثبت اثرات مرتب نہیں ہونگے ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ طالبان نے دہشتگردی میں ملوث غیر معروف تنظیموں کیخلاف کارروائی شروع کردی ہے اور طالبان کی مذاکرات میں دلچسپی کی وجہ سے ملک بھر میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیر داخلہ کو بتایا گیا کہ گزشتہ دنوں میں طالبان شوریٰ کے ساتھ مذاکرات نتیجہ خیز ر ہے اور غیر معروف عسکری دہشتگرد تنظیموں کے لوگوں کا بھی پتہ لگا لیا ہے کہ وہ اس وقت کہاں ہیں ۔