سوڈان، محبوبہ سے تلخ کلامی، سینکڑوں گھر بھسم ہو گئے، 900 مکانات جل کر خاکستر ، آتشزدگی سے ایک شخص جاں بحق، 20 زخمی

پیر 31 مارچ 2014 06:34

خرطوم( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31مارچ۔ 2014ء)جنوبی سوڈان میں شراب کے نشے میں دھت ایک جنونی شخص نے اپنی مبینہ محبوبہ سے تلخ کلامی پر رضاکار واپسی کیمپ میں گھروں کو آگ لگا دی جس کے نتیجے میں 900 مکانات جل کر خاکستر ہو گئے۔ آتش زدگی کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 20 زخمی بھی ہوئے۔العربیہ ٹی وی کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز خرطوم کے جنوب میں پیش آیا۔

پولیس نے نشے میں دھت ملزم کو حراست میں لے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ملزم کا اپنی مبینہ محبوبہ کے ساتھ کسی بات پر جھگڑا ہوا جس کے بعد اس نے مکانوں کو آگ لگانے کی دھمکی دے دی۔گھروں کو آگ لگانے والے جنونی عاشق اور اس کی معشوقہ کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں میں تو تکار کے بعد نوجوان نے "جارج کنقر" رضاکار واپسی مرکز کے سینکڑوں مکانوں کو آگ لگا دی۔

(جاری ہے)

دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے کئی اور مکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا اور لوگ چیخ پکار کرتے گھروں سے باہر نکل آئے۔عینی شاہدین کے مطابق کیمپ میں لگی آگ کے شعلے اور دھواں دور دور تک دکھائی دے رہے تھے۔ شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن کچھ ہی دیر میں محکمہ شہری دفاع کا عملہ اور فائر بریگیڈ کی ریسکیو ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جنہوں نے کئی گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا۔ذرائع کے مطابق ملزم کی مبینہ معشوقہ اسی کیمپ میں رہائش پذیر تھی اور اس کے عاشق نے کسی بات پر تلخی کے بعد انتقاما گھروں کو آگ لگائی ہے۔ آگ کی شعلوں کی لپیٹ میں آنے والے بیس افراد معمولی زخمی ہیں جنہیں اسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :