تھر کی عوام نے ہمیشہ پی پی پی کا ساتھ دیا ، مشکل کی اس گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائیگا، فریال تالپور،تھرپارکر کی عوام کی مددکیلئے پارٹی کی جانب سے پالیسیاں مرتب کی جا رہی ہیں جن کے تحت حکومت سندھ تھر کے متاثر ین کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنائیگی ، چھاچھرو کے سرکٹ ہاوٴس میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت

پیر 31 مارچ 2014 06:26

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31مارچ۔ 2014ء )ایم این اے فریال تالپورنے کہا ہے کہ تھرپارکر کی عوام کی مددکیلئے پارٹی کی جانب سے پالیسیاں مرتب کی جا رہی ہیں جن کے تحت حکومت سندھ تھر کے متاثر ین کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنائیگی ۔ تھر کی عوام نے ہمیشہ پی پی پی کا ساتھ دیا ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائیگا۔ ان خیالات کا ظہار انہوں نے چھاچھرو کے سرکٹ ہاوٴس میں میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے تھر کے لوگوں کو کہا کہ تھر میں بنیادی مسائل کے حل کیلئے حکومت کا ساتھ دیں اور خوراک کی کمی والے علاقوں کی نشاندھی کریں تاکہ ان علاقوں تک امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ تھر میں قحط کی صورتحال اور امدادی کاموں کی پیش ورفت کے حوالے سے غیر جانبدارانہ رپورٹنگ کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تھر پارکر میں عوام کی مدد کیلئے حکومت سندھ کی جانب سے فوری اقدامات کرتے ہوئے ضلع کے تمام علاقوں میں گندم سمیت دیگر اشیائے خورد نوش بڑی مقدار میں پہنچائی گئی ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ طویل مدتی منصوبہ بندی کر کے تھر میں مستقل بنیادوں پر قحط کو ختم کیا جائیگا تاکہ یہاں کے لوگ خوشحال ہو سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ تھر کے لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ تعلقہ چھاچھرو کو ضلع کے درجہ دیا جائے اور مونو ٹیکنیکل کالج ، گرلز اور بوائز کالجز بھی قائم کیے جائیں جس پر انہوں نے کہا کہ وہ اس ضمن میں وزیر اعلیٰ سندھ سے بات کرینگی اور تھر کی عوام کے مطالبات پورے کروانے کیلئے بھرپور کوشش کرینگی ۔

انہوں نے کہا کہ وہ خیبر پختونخواہ کی شکر گزارہیں جنہوں نے موبائل میڈیکل سروس تھر میں فراہم کر کے لوگوں کی مدد کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے وزیر اعلیٰ سندھ کو مشورہ دیا ہے کہ تھر کیلئے موبائل ہیلتھ سینٹرز فراہم کیے جائیں تاکہ دیہاتوں تک لوگوں کو طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ تھر میں کانٹریکٹ پر ڈاکٹرز کی بھرتی کر رہی ہے اور تھر کے وہ نوجوان جنہوں نے ایم بی بی ایس کیا ہے وہ بھرتی کیلئے ضرور درخواست دیں تاکہ یہاں کے لوگ بھی تھر کی عوام کا علاج کریں ۔

انہوں نے کہا کہ زرعی پالیسی ، لائیو اسٹاک پالیسی مرتب کی جائے گی یہاں 70لاکھ مویشی ہیں اس لیے چلر پلانٹ نصب کرنا ضروری ہے جس کیلئے ورلڈ بینک اور اینگرو کمپنی چلر پلانٹ لگانے میں دلچسپی رکھتی ہے جس کو کامیاب بنانا تھر کی عوام کے ہاتھ میں ہے۔ قبل ازیں انہوں نے چھاچھرو ہسپتال سمیت خیبر پختونخواہ کی جانب سے طبی موبائل سروس کا دورہ کیا اور وہاں صحت کی سہولیات کے متعلق معلومات لی اور ڈاکٹرز کو مریضوں کا بہتر علاج کرنے ہدایت کی ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر جام خان شورو ، دوست علی راہموں ، روبینہ قائمخانی ، علی مردان شاہ ، ایم این اے میر منور تالپور ، فقیر شیر محمد بھلالانی ، پیر نور محمد جیلانی و دیگر بھی انکے ہمراہ تھے۔

متعلقہ عنوان :