پنجاب حکومت ریلوے ٹریک کی حفاظت کے لئے وزارت ریلوے سے ہر ممکن تعاون کرے گی، شہباز شریف،سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل ،7روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت، وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے وزارت ریلوے کو بہت سپورٹ کیا ہے، خواجہ سعد رفیق

پیر 31 مارچ 2014 06:29

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31مارچ۔ 2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت یہاں اعلیٰ سطح کا ایک اجلاس ہوا- اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرچیف سیکرٹری پنجاب ، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ،ڈی جی رینجرز ، آئی جی ریلوے، سیکرٹری داخلہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے-اجلاس میں صوبہ پنجاب میں ریلوے کی تنصیبات اور ریلوے ٹریک کی حفاظت کے لئے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا،وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت ریلوے ٹریک کی حفاظت کے لئے وزارت ریلوے سے ہر ممکن تعاون کرے گی- انہوں نے سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ہدایت کی کہ کمیٹی 7روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے جس کی روشنی میں مستقبل کا لائحہ عمل مرتب کیاجائے گا- اس موقع وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ ریلوے ٹریک کی حفاظت کے لئے پٹرولنگ نظام کو موثربنایا گیا ہے- انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے وزارت ریلوے کو بہت سپورٹ کیا ہے اور وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کے مثالی تعاون پر ہم ان کے بہت حد شکر گزار ہیں۔