پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامی کمیٹی کا اجلاس آج لاہور میں ہوگا، آئی سی میں بگ تھری کی اجارہ داری کے حوالے سے حتمی لائحہ عمل تیار کیا جائے گا، معاملے میں کوئی کارڈ باقی نہ بچنے کی وجہ سے حمایت کرنے پر بھارت سے دو طرفہ سیریز کی بحالی کیلئے کوشش کی جائیگی، آئی سی سی چیف ایگزیکٹیو کمیٹی کی میٹنگ 5اور 6اپریل کو ڈھاکا میں ہوگی، 9اور 10اپریل کو دبئی میں ایگزیکٹیو بورڈ اجلاس کے دوران بگ تھری بھارت، انگلینڈ اور آسڑیلیا کی اجارہ داری پر مشتمل مسودے کو قانونی شکل دیدی جائیگی

پیر 31 مارچ 2014 06:24

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31مارچ۔ 2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامی کمیٹی کا اجلاس آج پیر کو لاہور میں ہوگا، حکام آئی سی میں بگ تھری کی اجارہ داری کے حوالے سے حتمی لائحہ عمل تیار کرینگے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں کوئی کارڈ باقی نہ بچنے کی وجہ سے حمایت کرنے پر بھارت سے دو طرفہ سیریز کی بحالی کیلئے کوشش کی جائیگی۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی چیف ایگزیکٹیو کمیٹی کی میٹنگ 5اور 6اپریل کو ڈھاکا میں ہوگی، بعد ازاں 9اور 10اپریل کو دبئی میں ایگزیکٹیو بورڈ اجلاس کے دوران بگ تھری بھارت، انگلینڈ اور آسڑیلیا کی اجارہ داری پر مشتمل مسودے کو قانونی شکل دیدی جائیگی۔

جنوبی افریقہ اور سری لنکا کی طرف سے 3بڑوں کی حمایت کا فیصلہ کیے جانے کے بعد ڈرافٹ منظور بھی کیا جا چکا، پاکستان کے ووٹ کی صرف اخلاقی قدر قیمت رہ گئی ہے۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس صورتحال میں پی سی بی کے پاس کوئی کارڈ کھیلنے کیلئے باقی نہیں بچا، حکام فکر مند ہیں کہ دبئی میں اجلاس سے قبل کوئی ایسا لائحہ عمل تیار ہو کہ کچھ نہ کچھ ہاتھ لگ جائے، بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس آج لاہور میں ہورہا ہے جس میں حکام اپنا حتمی موقف تیار کرنے کیلئے سر جوڑ کر بیٹھیں گے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اور چیف آپریٹنگ آفیسرفیسر سبحان احمد مختلف کرکٹ بورڈز کے سربراہان سے مسلسل رابطے میں ہیں،بگ تھری کے معاملے میں تنہا رہ جانے پر پاکستان کے ووٹ کی کوئی اہمیت باقی نہیں رہی،البتہ پی سی بی کی پوری کوشش ہے کہ اخلاقی قدر و قیمت کی بنیاد پر آئندہ سال بھارت کیساتھ دو طرفہ سیریز بحال کرانے میں کامیابی حاصل ہوجائے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر سری نواسن کو آئی سی سی سے بھی فارغ کردیا جائے تو بی سی سی آئی کو سربراہی کیلئے کسی اور کو نامزد کرنے کا حق حاصل ہوگا۔