روسی فوج کا یوکرائنی سرحد سے انخلاء شروع،روس یوکرائنی سرحد سے فوج واپس بلائے ، جان کیری

منگل 1 اپریل 2014 06:18

کیف،پیرس(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1اپریل۔2014ء)روسی فورسز نے یوکرائنی سرحد سے مرحلہ وار انخلاء شروع کردیا ہے،یہ بات یوکرائنی وزارت دفاع کے ایک اہلکار نے اے ایف پی کو بتائی،تاہم فوجیوں کی مخصوص تعداد نہیں بتائی گئی ہے۔یوکرائنی وزارت دفاع کے جنرل سٹاف ترجمان اولیکسی دیمترا شکیوویسکی نے ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں کہا کہ حالیہ دنوں میں روسی فورسز نے آہستہ آہستہ سرحد سے انخلاء شروع کردیا ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے گزشتہ روز روس سے یوکرائن کی سرحد سے اپنی فوج واپس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ملک کے مستقبل کے حوالے سے ہونیوالی کسی بھی طرح کی بات چیت میں کیف کے رہنماؤں کو بھی شامل کیا جائے۔جان کیری نے پیرس میں روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف کے ساتھ ملاقات کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ ہم ایسی کسی بھی چیز کو تسلیم نہیں کریں گے جس میں یوکرائن کی آئینی حکومت کو مذاکراتی عمل میں شامل نہیں کیا جائیگا اور ہمارا یہ موقف بھی واضح ہے کہ یوکرائن کے حوالے سے کسی بھی قسم کا فیصلہ یوکرائن کے بغیر نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یوکرائن نے حقیقی پیشرفت کے لئے یہ ضروری ہے کہ یوکرائن کی سرحد پر تعینات بھاری تعداد میں روسی فوجیوں کو وہاں سے واپس بلایا جائے ۔

متعلقہ عنوان :