افغانستان نے بھی اتحادی افواج کے زیر استعمال فوجی سازوسامان پاکستان کو فروخت کر نے کی مخالفت کر دی، اضافی عسکری سازوسامان اٰفغان حکومت کے حوالے کیا جائے ، افغا ن حکو مت کا امریکہ پر دباؤ‘ امریکہ نے پا کستا ن کو ساما ن دیا تو یہ افغانستان کے سٹریٹجک تعاون کی بنیادی اقدار کے خلاف ہو گا، کرزئی ترجمان

بدھ 2 اپریل 2014 04:28

کا بل ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2اپریل۔2014ء )بھا رت کے بعد افغا نستا ن نے بھی اتحادی افواج کے زیر استعمال فوجی سازوسامان پاکستان کو فروخت کر نے کی مخالفت کر دی غیر ملکی خبر رسا ں ادارے کے مطا بق تیرہ برس کی طویل افغان جنگ کے اختتام پر امریکی حکومت کی کوشش ہے کہ اس دوران وہاں اتحادی افواج کے زیر استعمال فوجی سازوسامان کو واپس امریکا لے جانے کے بجائے کسی ملک کو فروخت کر دیا جائے۔

اس ملٹری ہارڈ ویئر میں جہاں کئی اہم آلات ہیں، وہیں ان میں ایسی کمپویٹرائزڈ بکتر بند گاڑیاں بھی ہیں، جو باردودی سرنگوں کے دھماکوں کی شدت بھی سہہ سکتی ہیں۔افغانستان میں جہاں نیٹو کے فوجی مشن کے اختتام کی تیاریاں جاری ہیں، وہیں یہ معاملہ بھی سر اٹھا رہا ہے کہ اس جنگ کے بعد ایسے اضافی عسکری سامان کا کیا کیا جائے، جو واپس امریکا لے جانا انتہائی مہنگا ثابت ہو گا۔

(جاری ہے)

نیوز ایجنسی اے پی نے اپنی ایک تجزیاتی رپورٹ میں لکھا ہے کہ اس عسکری سامان کی فروخت جنوبی ایشیا کے ممالک کے مابین ایک نئی کشیدگی بھی پیدا کر سکتی ہے۔ کابل حکومت نے پاکستان کو کسی بھی قسم کا فوجی سازوسامان فروخت کرنے پر تحفظات کا اظہار کر دیا ہے جبکہ بھارت میں بھی اس حوالے سے تشویش پیدا ہو سکتی ہے۔کابل کا کہنا ہے کہ اضافی عسکری سازوسامان اٰفغان حکومت کے حوالے کیا جا ئے اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان امریکی عسکری سامان خریدنے میں دلچسپی رکھتا ہے تاہم پینٹاگون اس بارے میں غور کر رہا ہے۔

قبل ازیں امریکی فوج نے واضح کیا تھا کہ افغانستان میں موجود امریکی فوجی سامان میں سے اسلام آباد حکومت کو کوئی چیز نہیں دی جائے گی۔امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے ترجمان مارک رائٹ نے اے پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوشش ہے کہ افغانستان میں اتحادی افواج کے زیر استعمال سامان نیٹو فوجی مشن کے بعد کسی قریبی ملک کو فروخت کر دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سامان میں 800 MRAP نامی بکتر بند گاڑیاں بھی شامل ہیں، جن کو واپس لے جانا انتہائی مہنگا پڑے گا۔

اطلاعات کے مطابق پاکستانی فوج کو ان گاڑیوں کی ضرورت ہے کیونکہ بارودی سرنگیں پاکستانی شدت پسندوں کا بھی ایک اہم ہتھیار تصور کی جاتی ہیں۔ادھر کابل میں صدر حامد کرزئی کے ترجمان ایمل فیضی نے کہا ہے، ”ہم ایسی کسی بھی ڈیل کی سخت مخالفت کرتے ہیں، جس میں کابل حکومت سے مشورہ نہیں کیا جائے گا اور ہم نے یہ بات واشنگٹن حکومت کو بتا دی ہے۔

“ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ایسا کیا گیا تو یہ امریکا اور افغانستان کے اسٹریٹیجک تعاون کی بنیادی اقدار کے خلاف ہو گا۔مارک رائٹ نے بتایا ہے کہ نیٹو فوجی مشن کے بعد غیر فوجی سامان بھی فروخت کیا جائے گا، جس میں دفتری فرنیچر اور جنریٹرز وغیرہ شامل ہیں۔ اس سامان کی مالیت چھ بلین ڈالر بتائی گئی ہے۔ امریکی حکام نے افغان کانٹریکٹرز کو ایسے سامان کی فروخت ایک برس قبل ہی شروع کر دی تھی اور اب تک اس سے 42 ملین ڈالر بھی کمائے جا چکے ہیں۔