حکومت نے پرویز مشرف کے معاملہ پر ڈیل کا صفحہ ہی پھاڑ دیا ، عابد شیر علی ،ملک میں عدلیہ غلام نہیں مکمل طور پر آزاد ہے جو بھی فیصلہ ہوگا حکومت عمل کرے گی ، حکومت کو 18کروڑ عوام سے ہمدردی ہے ،مشرف ملزم ہیں ، ملزمان کو انسانی ہمدردی کے طور پر باہر نہیں بھیجا جاتا ، میڈیا سے گفتگو

بدھ 2 اپریل 2014 04:32

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2اپریل۔2014ء ) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ حکومت نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے معاملہ پر ڈیل کا صفحہ ہی پھاڑ دیا ہے ، ملک میں عدلیہ غلام نہیں بلکہ مکمل طور پر آزاد ہے ، پرویز مشرف کے معاملہ پر عدلیہ نے جو فیصلہ دیا حکومت اس پر عمل کرے گی ،پرویز مشرف ملزم ہیں اور ملزم کبھی باہر نہیں جاتے ، قانون انسانی ہمدردی کے نام پر کسی ملزم کو بیرون ملک بھجوانے کی اجازت نہیں دیتا ۔

وہ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر جنرل پرویز مشرف نے اپنے درو میں طاقت کے نش میں آکر متعدد بار آئین شکنی کی جس کے ثبوت استغاثہ کے پاس موجود ہیں ماضی کی طرح اب بھی ایک مخصوص حلقہ سابق صدر پرویز مشرف کے بیرون ملک بھجوانے اور ڈیل کی افواہیں پھیلا رہا ہے جو تمام افواہیں دم جائینگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے معاملہ میں کوئی ڈیل نہیں ہورہی بلکہ حکومت نے ڈیل کا صفحہ ہی پھاڑ دیا ہے مشرف کا کیس ایک آئینی مقدمہ ہے جو عدلیہ میں جاری ہے ملک میں عدلیہ ماضی کی طرح غلام نہیں بلکہ مکمل طور پر آزاد ہے عدلیہ نے پرویز مشرف کے مقدمہ پر جو بھی فیصلہ کیا حکومت اس پر عمل کرے گی ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کو اٹھارہ کروڑ عوام سے ہمدردی ہے پرویز مشرف کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بیرون ملک نہیں بھیجا جارہا مشرف آئینی ملزم ہیں اور ملزموں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر باہر بھیجنے کی قانون اجازت نہیں دیتا ۔

متعلقہ عنوان :